Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں برطانوی سفیر نے اسلام قبول کرلیا، فریضہ حج ادا کیا

سعودی عرب میں برطانوی سفیر سیمون پالکولیس نے اسلام قبول کرلیا ہے اور اس سال وہ اور ان کی اہلیہ ہدیٰ مجرکیج ان 19ہزار برطانوی حاجیوں میں شامل تھے جنہوں نے اس سال حج کیا۔ اس سے پہلے بعض سفارتکاروں اور صحافیوں کو بھی یہ علم نہیں تھا کہ انہوں نے اسلام قبول کرلیا ہے کیونکہ سرکاری طور پر اعلان نہیں کیا گیا تھا۔ سعودی مصنف اور ماہر تعلیم فوزیہ البکر نے بدھ کو اپنے ایک ٹوئٹ میں اس بات کا انکشاف کیا۔ انہوں نے سفیر اور ان کی اہلیہ کی 2تصویریں بھی ٹوئٹ کیں جس میں وہ دونوں احرام پہنے ہوئے تھے ۔ سفیر نے اپنے سرکاری ٹوئٹر کے توسط سے فوزیہ کا شکریہ ادا کیا۔ اگرچہ سفیر نے رابطہ کرنے والے صحافیوں کو انٹرویو دینے سے انکار کردیا تاہم اس بات کی تصدیق کی کہ وہ پچھلے 30برسوں سے مسلم معاشرے میں رہنے کے بعد اسلام قبول کرچکے ہیں اور انہوں نے ہدیٰ سے شادی سے پہلے ہی اسلام قبول کیا۔ کولیس پچھلے سال جنوری سے سعودی عرب میں سفیر ہے۔ شہزادی بسمہ بنت سعود نے سفیر اور ان کی اہلیہ کو مبارکباد دی ہے جس پر سفیر نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ برطانوی حاجیوں نے بھی اس خبر پر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا ہے اور کونسل آف برٹش حاجیز نامی ادارے کے سی ای او راشد نے فریضہ حج کی ادائیگی پر کولیس کو مبارکباد دی۔ وہ بحرین ، عراق ، شام ، قطر ، دبئی ، بصرہ اور نئی دہلی میں برطانوی سفارتکار کی حیثیت سے کام کرچکے ہیں۔ 

شیئر: