Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بچوں سے زیادتی کے حیرت انگیز اعداد شمار

اسلام آباد:  گزشتہ برس ملک بھر میں بچوں کے ساتھ زیادتی کے سب سے زیادہ واقعات پنجاب میں ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت انسانی حقوق نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو بتایا ہے کہ 2017ء میں بچوں سے زیادتی کے 3 ہزار 445 واقعات رپورٹ ہوئے جن میں سے 63 فیصد پنجاب میں ہوئے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں کنونیئر نزہت صادق کی زیر صدارت سینیٹ کی خصوصی قائمہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اس دوران ارکان کو بریفنگ میں بتایا کہ 2017 میں ملک بھر سے بچوں کے ساتھ زیادتی کے 3ہزار 445 واقعات رپورٹ ہوئے ، جن میں 2ہزار 77 بچیاں جب کہ ایک ہزار 368 کیسز کم سن بچوں کے ساتھ پیش آئے۔ زیادتی کا شکار بچوں میں بچیوں کا تناسب 60 فیصد ہے ۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ ایک برس کے دوران کم سن بچوں کے ساتھ زیادتی کے سب سے زیادہ واقعات پنجاب میں پیش آئے جو ملک بھر سے رپورٹ ہونے والے واقعات کا 63 فیصد ہے۔ رپورٹ ہونے والے واقعات میں سندھ کا تناسب 27، بلوچستان کا 4 جبکہ خیبر پختونخوا کا 2 فیصد ہے۔ آزاد کشمیر میں کم سن بچوں کے ساتھ زیادتی کے 12 جب کہ اسلام آباد میں 3 کیس رپورٹ ہوئے۔
وزارت انسانی حقوق نے کمیٹی کو بتایا کہ قصور میں بچوں سے زیادتی کے واقعات زیادہ پیش آتے ہیں۔ قصور میں بڑھتے واقعات کو روکنے کے لیے کام کر رہے ہیں تاہم ان واقعات کی اصل وجوہات جاننے کے لیے معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔
مزید پڑھیں:- - - -جنوبی پنجاب کا ترقیاتی بجٹ بڑھانے کی تجویز

شیئر: