شہباز شریف قومی اسمبلی پہنچ گئے
اسلام آباد: نیب نے ن لیگ کے زیر حراست صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو اپوزیشن لیڈر کے طور پر قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے ایوان میں پہنچا دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں نیب کے ہاتھوں گرفتار شہباز شریف آج ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے حکم پر نیب نے عمل کرتے ہوئے شہباز شریف کو لاہور سے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد منتقل کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف کو اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں پہنچا کر سارجنٹ ایٹ آرمز (اسمبلی کے مسلح سیکورٹی اہلکار) کے حوالہ کردیا گیا جو سارا وقت اُن کے ساتھ رہے گا اور سرگرمیوں کی نگرانی کرے گا۔ اس موقع پر ن لیگ کے ارکان پارلیمان قائد حزب اختلاف کے چیمبر میں ملاقات کیل یے پہنچے تاہم وہاں تعینات سیکورٹی نے اندر جانے سے روک دیا۔ بعد ازاں ملاقات کی اجازت ملنے پر پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ اور مسلم لیگ کے رہنما سردار ایاز صادق نے شہباز شریف سے ملاقات کی۔
واضح رہے کہ آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی گرفتاری کے خلاف اپوزیشن نے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا تھا جس میں اپوزیشن لیڈر کی شرکت ہونا تھی۔ ذرائع کے مطابق ن لیگ کے ارکان بازووں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر اجلاس میں شرکت کریں گے ۔