چین اور سعودی عرب میں نئی شراکت
ریاض۔۔۔۔سعودی عرب اور چین نے شاہراہ ریشم ممالک کے درمیان انٹر نیشنل لا ایسوسی ایشن قائم کرنے کا عزم ظاہر کردیا۔چین کے نائب وزیر انصاف نے اعلیٰ سطحی سفارتی و عدالتی وفد کے ہمراہ ریاض میں سعودی وکلاء بورڈ کا دورہ کرکے دونوں ملکو ں کے درمیان قانونی آگہی اور تعاون کے طور طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ سعودی وکلا ادارے کے سکریٹری جنرل نے اپنے چینی مہمان کو سعودی وکلاء کی بابت تعارفی معلومات فراہم کیں اور مختلف شعبوں میں تعاون کے طور طریقوں کا جائزہ لیا۔ چین کے نائب وزیر انصاف نے شاہراہ ریشم کے ممالک کے درمیان انٹر نیشنل لاایسوسی ایشن کے قیام میں حصہ لینے کی دعوت دی جس پر سعودی عرب نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔