Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خاشقجی کی موت کے ذمہ دار اعلیٰ سے اعلیٰ عہدیدار کا احتساب کرینگے ، شاہ سلمان

ریاض۔۔۔خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ جمال خاشقجی کی موت کے ذمہ داراعلیٰ سے اعلیٰ عہدیدار کااحتساب کرینگے ۔انہوں نے یہ بیان منگل کو ریاض کے قصر یمامہ میں اپنی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔سعودی کابینہ نے واضح کیا کہ سعودی عرب اسلامی شریعت کا پابند تھا اور رہے گا ۔ حق کا بول بالا عدل و انصاف کے ستون راسخ کرتا رہے گا ۔جمال خاشقجی کی افسوسناک موت کے بعد شاہی فرامین اور ہدایات نیز مملکت کے جملہ اقدامات  کا بنیادی مقصد حقائق طشت ازبام کرنا اور موت کے ذمہ دار فرد کا احتساب کرنا ہے وہ کوئی بھی کیوں نہ ہو ۔ سعودی عرب اور اس کی قیادت  راشدہ تمام فرزندان وطن کی سلامتی اور امن میں اپنی دلچسپی کو عملی صورت میں پیش کرنے کا تہیہ کئے ہوئے ہے۔سعودی عرب کا عزم ہے کہ احتسا ب کا دائرہ کوتاہی برتنے والوں اور خاشقجی کی موت کے  راست ذمہ داروں تک محدود نہ رہے بلکہ کوتاہی کا باعث بننے والے قواعد و ضوابط اور نظام کی بھی اصلاح عمل میں لائے جائے۔کابینہ نے محکمہ خفیہ کی تشکیل نو اس کے قوانین و ضوابط کی تجدید اور اس کے اختیارات کی منظم شکل میں حد بندی کیلئے ولیعہد کی زیر قیادت وزارتی کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کرنے پر خادم حرمین شریفین کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر عواد العواد نے اجلاس کے بعد سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کو بتایا کہ کابینہ نے سرمایہ کاری مستقبل 2018ء کے اہتمام اور اس موقع پر ریاض میں طے پانیوالے زبردست معاہدوں اور سرمایہ کاری منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔کابینہ نے علاقائی اور بین الاقوامی حالات حاضری پر متعدد رپورٹیں بھی سنیں۔

شیئر: