عالمی برادری نے اسرائیلی بستیاں نہ رکوا کر اپنا اعتبار کھو دیا، فلسطین
رام اللہ- - -- فلسطینی دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ عالمی برادری نے ہمارے علاقوں میں اسرائیلی بستیو ںکی تعمیر نہ رکوا کر اپنا اعتبار کھو دیا۔ دو ریاستی فارمولے کوبے معنی بنا دیا۔ دفترخارجہ نے عرب علاقوں پر اسرائیلی کے ناجائز قبضے ، یہودی بستیوں کی تعمیر ، اس کی منصوبہ بندی ،فنڈنگ اور انتظامات کرنے والے اداروں فلسطینی زمینیں ہتھیانے ، فلسطینیوں کو طاقت کے بل پر ان کی بستیوں سے نکالنے ، ان کی بستیاں یہودیوں کے رہن سہن کیلئے مخصوص کرنے والے جملہ اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ فلسطینی دفتر خارجہ نے منگل کو اعلانیہ جاری کر کے توجہ دلائی کہ ماضی کے کسی بھی وقت کے مقابلے میں اب یہ سچائی روز روشن کی طرح عیاں ہو چکی ہے کہ فلسطینی علاقوں پر روزانہ قبضہ کیا جا رہا ہے۔ فلسطینیوں کو موت کے گھاٹ اتارا جا رہا ہے ۔ ان کے گھر تباہ و برباد اور نذر آتش کئے جا رہے ہیں۔ ان کے باغات اور فصلیں اجاڑی جا رہی ہیں۔ پیر کو الخلیل اور اریحہ میں جو کچھ ہوا وہ اس کا تازہ ترین ثبوت ہے۔ دفتر خارجہ نے زور دے کر کہا کہ یہودی بستیوں کی تعمیر و توسیع کا جرم عالمی برادری خصوصاً سلامتی کونسل اور بین الاقوامی خصوصی تنظیموں سے اس امر کا تقاضا کر تا ہے کہ لاپروائی بند کی جائے ۔ یہودی بستیوں سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں خصوصاً 2334پر عملدرآمد کرانے کے سلسلے میں کوتاہی نہ برتی جائے۔ وزارت نے اس یقین کا اظہار کیا کہ آبادکاری پر پابندی کا فیصلہ نافذ نہ کرا کر عالمی برادری نے اپنا اعتبار کھو دیا ہے۔ انسانی حقوق کے علمبردار ممالک او ردو ریاستی حل کی بنیاد پر مسئلہ طے کرانے کی باتیں کرنے والے ممالک کا وقار مجروح ہوا ہے۔