پاکستان کوارٹرز خالی کرانے کی کارروائی‘ علاقہ میدان جنگ بن گیا
کراچی: سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے احکامات جاری کیے جانے کے بعد پاکستان کوارترز کو خالی کرانے کی کارروائی کے دوران علاقہ مکینوں اور پولیس میں شدید تصادم ہوا جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق عوام کی جانب سے پتھراؤ کے بعد پولیس نے علاقہ مکینوں پر شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی جس سے کئی افراد زخمی ہوئے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عدالت عظمیٰ کے حکم کے بعد پاکستان کوارٹرز کو خالی کرانے کی کارروائی کے دوران علاقہ مکین احتجاجاً سڑکوں پر نکل آئے اور راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے سڑک بند کردی۔ اس دوران پولیس کی جانب سے آپریشن کیے جانے کے خلاف احتجاجی مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری لاٹھیوں کے ساتھ پاکستان کوارٹرز میں موجود ہے اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے مظاہرین پر واٹر کینن، شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی جا رہی ہے۔ بعد ازاں پولیس پاکستان کوارٹر میں داخل ہوگئی جس پر مظاہرین نے گھروں کی چھتوں سے پولیس پر پتھراؤ کیا۔
بتایا جا رہا ہے کہ پاکستان کوارٹرز پر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان، کنور نوید جمیل، فاروق ستار بھی موقع پر موجود تھے ۔