آئندہ ہفتے کے وسط میں 4علاقوں میں موسلا دھار بارش کا امکان
ریاض----- محکمہ موسمیات کے نائب سربراہ ڈاکٹر ایمن غلام نے توقع ظاہر کی ہے کہ آئندہ ہفتے کے وسط میں سعودی عرب کے 4علاقوں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ ، حائل قصیم اور مغربی ریاض میں موسلا دھار بارش ہو گی۔ سیلاب کی صورت اختیار کر سکتی ہے۔ جمعہ کو طائف میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ بعض مقامات پر درمیانے درجے کی بارش ہوئی۔ املج کمشنری میں کہیں موسلا دھار اور کہیں درمیانے درجے کی بارش کی اطلاعات ملیں۔ تبوک ریجن میں بارش سے پیدا ہونے والے سیلاب میں 49افراد پھنس گئے تھے۔ ان میں سے 41کو وادی السرو، وادی شقریٰ اور 8افراد کو وادی عفال سے نکال لیا گیا۔ شہری دفاع کی ٹیموں نے امدادی عمل میں ہیلی کاپٹر کی بھی مدد لی۔