Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ : محبان مجلس کی جانب سے کورنیش پر پہلی بار پتنگ بازی کے مقابلے

مقابلے کے قوانین کے مطابق ہر دو ٹیم کو 10 منٹ میں پیچ لڑانا لازمی تھا، بعد نماز جمعہ شروع ہونے والے  مقابلے کا اختتام قبل از مغرب ہوا
 
امین انصاری۔۔جدہ
    جدہ میں مقیم ریاست تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے محبان مجلس اتحا دالمسلمین کی بڑی تعداد نے ڈاکٹر سید علی محمود کی نگرانی میںجنوب کورنیش پر پہلی مرتبہ پتنگ بازی کا مقابلہ منعقد کیا ۔ مقابلے میں 16 ٹیموں نے حصہ لیا ۔ ہر ٹیم میں 4 پتنگ باز تھے ۔ ٹیموں کے نام ریاست تلنگانہ خصوصا ًحیدرآباد کے اسمبلی اور پارلیمانی حلقوں کے ناموں پر رکھے گئے ۔ہر ٹیم کو بیسٹ آف تھری کھیلنا تھا ۔ مقابلے میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کیلئے ظہرانے کا انتظام کیا گیاتھا ۔اس کے علاوہ کھلاڑیوں کو پتنگ بازی کیلئے پتنگ،چرخی اور مانجہ و دھاگے کا بھرپور انتظام کیا گیاتھا ۔ ہر دو ٹیم کو 10 منٹ میں پیچ لڑانا لازمی تھا ورنہ انہیں نااہل قرارد ے کر بیسٹ آف تھری سے بھی محروم کردیا جاتا ۔ ٹیموں کی تقسیم ڈاکٹر سید علی محمود کی نگرانی میں لیاقت علی خان اور ندیم عبدالباسط نے کی ۔انتظامی امور میں محمد منور خان اور شیخ علیم نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ عرفان قریشی نے نظامت اور کامینٹری کے فرائض انجام دیئے ۔ بعد نماز جمعہ شروع ہونے والے اس مقابلے کا اختتام قبل از مغرب ہوا  جس میں بیسیوں پتنگ کاٹ کر حلقہ کاروان کی ٹیم نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ دوسرے نمبر پر حلقہ راجندر نگر کی ٹیم رہی ۔ مہمان خصوصی نے  مقابلہ جیتنے والے شعیب قریشی اور سید خواجہ وقار الدین کو کپ دیئے ۔ ڈاکٹر سید علی محمود نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پتنگ بازی کا مقابلہ انسانی شعور کو جہاں بام عروج عطا کرتا ہے وہیں بلند حوصلوں کا ضامن بھی ہے ۔ سید خواجہ وقار الدین نے اس موقع پر کہا کہ ہم نوجوان زیادہ سے زیادہ تعداد میں سیکولر اور ملت کا درد رکھنے والے امیدواروں کو اسمبلی میں دیکھنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے اس موقع پر صدر مجلس بیرسٹر اسد الدین اویسی اور اکبر الدین اویسی سے اپیل کی کہ وہ عنبر پیٹ ، راجندر نگر اور جوبلی ہلز سے ایسے امیدواروںکا اعلان کریں جو عوام کے قریب ہوں تاکہ مجلس کے بینر تلے قوم و ملت کی خدمت کرسکیں۔انہوں نے پتنگ بازی کے مقابلوں کے انعقاد پر اہل جدہ اور ڈاکٹر سید علی محمود کو مبارکباد دی کہ انہوں نے صحرائے عرب میں پتنگ اڑا کرنئی تاریخ رقم کی ۔
مزید پڑھیں:-  - - - -پی ٹی آئی مڈل ایسٹ کی کوآرڈینیٹر مصطفی خان کی مکہ ریجن کے عہدیداروں سے ملاقات

شیئر: