پاکستانی نوجوان باصلاحیت اور ہمارے ملک کا سرمایہ ہیں، ویلفیئراتاشی محمود لطیف
اتوار 28 اکتوبر 2018 3:00
ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ معلوماتی اور تفریح سے بھرپور پروگرام ترتیب دیں ، "کھیلو اور جیتو"ان پروگراموں تسلسل ہے ، عمیر شیخ کا شرکاء سے اظہار خیال
ریاض ( ذکاء اللہ محسن )
پاکستانی نوجوان دنیا میں جہاں بھی ہوں اپنی باکمال صلاحیتوں کا لوہا منوا ہ لیتے ہیں۔ ایسا ہی ایک پاکستانی نوجوان عمیر شیخ ہیں جس نے نہ صرف پاکستانی کمیونٹی بلکہ سعودی شہریوں سمیت دیگر غیر ملکیوں میںبھی اپنی منفرد شناخت بنا چکے ہیں۔ اہلیان ریاض کیلئے عمیر شیخ وی آئی پی پروڈکشن کے پلیٹ فارم سے مختلف شاپنگ مالز میں’’ کھیلو اور جیتو‘‘ نامور پروگرام پیش کرتے رہتے ہیں جس میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہو کر ڈھیروں انعامات جیت کر خوشیوں سے دوبالا ہو جاتی ہے۔ وی آئی پی پروڈکشن کی جانب سے مقامی مال میں ایسا ہی شاندار میگا ایونٹ منعقد ہوا جس میں سیکڑوں لوگوں نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر سعودی شہری احمد سلطان نے ہمیشہ کی طرح اردو اور ہندی گانے گا کر لوگوںکے دلوں کو خوب محظوظ کیا ۔اس کے علاوہ خالد عباسی اور سلیم رفیق نے بھی اپنی آواز کا خوب جادو جگایا اور حاضرین کو میوزک سے خوب لطف اندوز کیا ۔کھیلو جیتوپروگرام میں فیملیز کی بڑی تعداد شریک تھی۔ اسٹیج پر خواتین نے مختلف گیمز میں حصہ لیا۔ اسی طرح نوجوانوں اور بچوں نے بھی گیمز میں بھرہور حصہ لیا اور بیش قیمت انعامات حاصل کیے۔کھیلو جیتو میں سفارتخانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئراتاشی محمود لطیف نے بھی شرکت کی اور وی آئی پی پروڈکشن کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نوجوان باصلاحیت اور ہمارے ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ عمیر شیخ اور ان جیسے جتنے بھی نوجوان سعودی عرب میں انٹرٹینمنٹ کی فیلڈ میں کام کر رہے ہیں ہمارے لئے قابل فخر ہیں اور اپنی اعلیٰ کارکردگی کی بدولت ملک سے باہر رہ کر ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔کمیونٹی کی دیگر اہم شخصیات بھی کھیلو جیتو پروگرام کا حصہ بنیں جن میں تصدق گیلانی،ریاض راٹھور، وقار نسیم وامق شامل ہیں۔ انہوں نے بھی کھیلو جیتو ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ وی آئی پی پروڈکشن نے بہت جلد اپنی جگہ بنائی ہے اور ان کا پروگرام مقبول ترین بن چکا ہے اور جس طرح اس پروگرام میں ذہنی نشونما کیلئے کوئز پروگرام بھی رکھا جاتا ہے اس سے کھیل ہی کھیل میں مفید معلومات میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ اس موقع پر عمیر شیخ کا کہنا تھا کہ ان کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ وہ معلوماتی اور تفریح سے بھرپور پروگرام ترتیب دیں تاکہ فیملیز پروگرام میں ہر کوئی انعامات بھی جیت سکے اور لطف اندوز بھی ہو۔ عمیر شیخ کا مزید کہنا تھا کہ وہ فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کے بھی مشکور ہیں جنہوں نے نوجوانوں کو ایسے شاندار مواقعے فراہم کیے ہیں جن سے اچھی تفریحی مواقعے عوام کو مل رہے ہیں۔