Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسیہ مسیح کی رہائی : ملک بھر میں دھرنے، مظاہرے‘ حالات کشیدہ

کراچی:  آج صبح سپریم کورٹ نے توہین رسالت کی مرتکب آسیہ مسیح کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے بَری کردیا۔ جس کے بعد کراچی کے مختلف مقامات پر لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور مختلف مقامات پر دھرنے دے کر سڑکیں بلاک کردیں۔ قبل ازیں تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے متوقع فیصلے کے خلاف ملک بھر کو جام کرنے کی دھمکی دی گئی تھی۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق آج صبح سپریم کورٹ نے توہین رسالت کی مرتکب ملزمہ آسیہ مسیح کو بری کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کالعدم قرار دے دیے۔ سپریم کورٹ نے آسیہ مسیح کو مقدمے میں لگائے گئے تمام الزامات سے بری کردیا۔ فیصلہ چیف جسٹس کی سربراہی میں جسٹس مظہر عالم خان اور جسٹس آصف سعید کھوسہ پر مشتمل ? رکنی بینچ نے سنایا۔  عدالت نے حکم دیا ہے کہ اگر آسیہ بی بی کے خلاف کوئی اور مقدمہ نہیں تو اسے رہا کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق فیصلے سے قبل ملک بھر میں سیکورٹی کے کے انتظامات گزشتہ رات ہی سے انتہائی سخت کردیے گئے تھے۔ اسلام آباد میں صبح ہی سے موبائل فون سروس معطل کردی گئی تھی۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف تحریک لبیک پاکستان کے کارکنوں نے کراچی سمیت ملک کے کئی شہروں میں احتجاج کرنا شروع کردیا ہے۔  پنجاب میں بھی دھرنوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے اور تحریک لبیک کے کارکن پنجاب اسمبلی کے باہر جمع ہونا شروع ہو گئے ہیں، جبکہ لاہور میں داتا دربار کے باہر بھی احتجاج شروع ہوگیا ہے اور دیگر شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے ہیں۔ تحریک لبیک کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی نے فیصلے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ منظور نہیں ہے، اس فیصلے کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے۔تازہ اطلاعات کے مطابق اسلام آباد میں بھی احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے ہیں۔ آبپارہ اور فیض آباد کے علاقوں میں احتجاج کیاجارہا ہے جبکہ پنجاب اسمبلی کے سامنے ہونے والے احتجاجی مظاہرے کی قیادت خود علامہ خادم حسین رضوی کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: - - - -عوام مٹکے کا پانی پییں‘ چیف جسٹس کا مشورہ

شیئر: