مظفر پور :شیلٹر ہوم زیادتی کیس کے ملزم برجیش کو پٹیالہ جیل بھیجنے کا حکم
نئی دہلی۔۔۔۔سپریم کورٹ نے منگل کو بہار کے مظفر پور کے بہبوداطفال مرکز میں زیادتی کے کیس کے اہم ملزم برجیش ٹھاکر کو بہار سے پنجاب کے پٹیالہ جیل بھیجنے کی ہدایت جاری کردی۔جسٹس مدن بھیم راؤ لوکر کی زیر صدارت بنچ نے کہا کہ انصاف اور آزادانہ تحقیقات کے لئے یہ اقدام ضروری ہے۔ سپریم کورٹ نے بہار حکومت سے اس بارے میں تفصیلات طلب کی کہ سابق وزیر منجو ورما کی پیشگی ضمانت کی عرضی عدالت کی طرف سے مسترد کئے جانے کے باوجود اس کو ابھی تک گرفتار کیوں نہیں کیا گیا ؟مظفر پور بہبود اطفال مرکزکیس کی وجہ سے انہوں نے وزارت کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا اور عدالت سے پیشگی ضمانت کی درخواست مسترد ہونے کے باوجودانکی گرفتاری عمل میں نہیں آئی جس پر عدالت نے بہار حکومت کی سرزنش کی۔کورٹ نے 31 اکتوبر کو مظفر پور بہبود اطفال زیادتی کیس کی تحقیقات کر نے والی ایجنسی سی بی آئی کے افسران کے نام پر مشتمل فہرست طلب کی جنہوں نے 20 ستمبر سے اب تک اس کیس کی تفتیشی کارروائی انجام دی۔ عدالت نے سی بی آئی کو حکم دیا کہ اس معاملے کی تحقیقاتی ٹیم تبدیل نہ کرے۔