پاکستانی کریڈٹ کارڈ ایک مسئلہ بن گیا
کراچی (صلاح الدین حیدر) پاکستانی بینکوں نے حکومتی احکامات کے تحت بیرونی ملکوں میں کریڈٹ کارڈ استعمال کرنے پر آئندہ اعلان تک پابندی عائد کردی ۔ وجہ پاکستان کے بینکنگ سسٹم پر بہت ہی بڑا سائبر حملہ بتایا جا سکتا ہے۔ ویسے تو اقدام صحیح ہے لیکن لاکھوں کی تعداد میں پاکستانی تقریباً روزانہ ہی بیرونی ممالک تجارت یا کاروبار اور سیاحت کے لئے سفر کرتے ہیں، حکومت پاکستان نے ان سے 10 ہزار ڈالر تک کیش لے کر ٹریول چیک کی صورت میں لے جانے کی اجازت دی لیکن ہر شخص کیش لے جانے سے گھبراتا ہے کہ کہیں گم یا چوری ہوجائے یا پھر امریکہ جیسے ممالک میں اس پر پوچھ گچھ ہو سکتی ہے۔ امریکی امیگریشن میں اکثر سوال پوچھ لئے جاتے ہیں کہ کتنی رقم پاس ہے۔ کیش پر اعتراض ہوتا ہے لیکن ٹریول چیک کی بلا روک ٹوک اجازت ہے۔بے شک کسٹم میں ڈی ڈیکلیئرکردیا جائے لیکن جب تک اسٹیٹ بینک سائبر حملہ کی بھرپور انکوائری نہیں کر لیتا کریڈٹ کارڈ پر بیرون ملک خریداری یا استعمال پر پابندی برقرار رہے گی۔ مشکلات کا سامنا تو ہوگا ہی لیکن حفظ ما تقدم بھی کوئی چیز ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ اس وقت بزنس مین جو کاروبار کے سلسلے میں اکثر و بیشتر بیرونی دورے کرتے رہتے ہیں سخت مشکلات کا شکار ہیں لیکن اور حل ہے بھی تو نہیں۔