سعودی عرب بڑا ملک ہے، کوئی اس کا بال بیکا نہیں کرسکتا ، عبدالفتاح السیسی
قاہرہ- - - - مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا ہے کہ سعودی عرب بڑا ملک ہے۔ ا س کا بال بیکا نہیں کیا جا سکتا۔ مصر سعودی عرب کے امن و استحکام کے تحفظ میں ہر ممکن تعاون کرے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار منگل کو مصر میں غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ وہ شرم الشیخ میں ورلڈیوتھ فورم میں شرکت کیلئے پہنچے ہوئے تھے۔ السیسی نے توجہ دلائی کہ انہیں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر قیادت مملکت کی ہوشمند او ردور اندیش حکومت پر پورا بھروسہ ہے۔ مصری صدر نے کہا کہ میڈیا نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے معاملے کی بابت منفی کردار ادا کیا۔ ہمیں اس کی بابت متعلقہ اداروں کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات کے نتائج کا انتظار کرنا ہوگا۔مصری صدر نے خبردار کیا کہ اگر خلیج کا امن خطرات سے دوچار ہوا یا اسے کسی براہ راست خطرے سے دوچار ہونا پڑا تو ایسی صور ت میں خلیجی بھائیوں کی مدد کیلئے مصری فوج کو حرکت میں لائیں گے۔ مصر، عرب دنیا کی قومی سلامتی خصوصاً خلیج کے علاقے کے امن و امان کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دے گا۔ السیسی نے توجہ دلائی کہ ان کی آرزو تھی کہ ایران عربوں کے داخلی امور میں عدم مداخلت کی پابندی کرے۔