خواتین اپنی سیاسی قوت کو سمجھیں اورکانگریس کو شکست دیں، اویسی
حیدرآباد- - - - صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے حلقہ اسمبلی نامپلی میں خواتین کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے خواتین کو یقین دلا یا کہ ان کے مسائل کی سماعت اور رابطے کیلئے دارالسلام میں خصوصی کائونٹرز قائم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے مجلس اتحاد المسلمین سے خواتین کی دیرینہ وابستگی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجلس کے سابق صدر اور ان کے والد محترم سلطان صلاح الدین اویسی نے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز اسی حلقہ نامپلی کے ملے پلی بلدی وارڈزسے کیا تھا ۔ اسد الدین اویسی نے کہا کہ خواتین کو اکثر یہ شکایت رہتی ہے کہ سیاستداں ان کی آواز نہیں سنتے اسی شکایت کیلئے یہ خصوصی اجتماع منعقد کیا گیا ہے تاکہ خواتین بلا جھجک اپنے مسائل بیان کرسکیں ۔خواتین کو صدر مجلس نے اس بات کایقین دلایاکہ سالانہ کم از کم 3 اجلاس منعقد کرکے خواتین کے مسائل سے واقفیت حاصل کرکے انہیں حل کئے جائیں ۔ صدر مجلس نے خواتین پر زور دیا کہ وہ اپنی سیاسی قوت کو سمجھیں اور کانگریس کو شکست دیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہرطرف مسلمانوں کو ہراساں و پریشاں کیا جا رہا ہے اورایسے حالات میں کہیں امید کی نظر آتی ہے تو وہ مجلس اتحاد المسلمین ہے 'گروپ میٹنگ سے حلقہ امیدوار جعفر حسین معراج نے بھی خطاب کیا اور مجلس کے حق میں ووٹ دینے اور پتنگ کے نشان پر بٹن دبانے کی اپیل کی ہے ۔