انسانیت کی فلاح کے لئے کئے گئے کام رائیگاں نہیں جاتے، جواد علی
ثناء بشیر۔ الاحساء
منطقہ شرقیہ کی معروف تنظیم اوورسیرز پاکستان کمیونٹی کے صدر جواد علی کا کہنا ہے کہ انسانیت کی فلاح کے حوالے سے کیے گئے کام کبھی رائیگاں نہیں جاتے ۔ایسے کام کرنے سے جہاں عمر بھر کا صدقہ جاریہ رہتا ہے، وہیں پر اللہ کی خوشنودی بھی حاصل ہوتی ہے۔ جواد علی کا کہنا تھا کہ ایسا ہی بھلائی کا ایک کام چلڈرن ہارٹ فاونڈیشن کے ساتھ ملکر انجام دے رہے ہیں۔ چلڈرن ہارٹ فاونڈیشن پیدائشی طور پر دل میں سوراخ جیسے مہلک مرض میں مبتلا بچوں کا علاج ممکن بناتی ہے۔ سعودی عرب میں بھی آگاہی پروگرام چلتے رہتے ہیں مگر فاونڈیشن کی جانب سے اب لاہور میں باقاعدہ ہسپتال شروع کیا جا رہا ہے جس میں بچوں کا علاج بہتر طور پر ممکن بنایا جا سکے گا۔ لاہور میں اس حوالے سے تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی اور سابق کپتان مصباح الحق بھی پروگرام میں شریک ہوئے۔