آندھرا پردیش میں طوفان بادوباراں کا خطرہ
حیدرآباد۔۔۔ آندھراپردیش کے جنوبی ساحلی علاقے میںآئندہ 2دنوں کے دوران طوفان کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔سطحی خلیج بنگال میں بننے والا دباؤ مغربی ،شمال مغربی سمت پیش قدمی کرتے ہوئے مغرب،شمال مغربی پورٹ بلیر سے تقریباً330کلو میٹر اورچنئی کے مشرق سے تقریباً1055کلو میٹراور نیلور کے مشرق ،جنوب مشرق سے 1120کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔آئندہ 12گھنٹوں کے دوران اس کے سمندری طوفان میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔36گھنٹوں کے دوران شمالی تامل ناڈو اور72گھنٹوں کے دوران جنوبی آندھرا پردیش کے ساحل پر پہنچنے کا خدشہ ہے۔اس کے پیش نظر جنوبی ساحلی اضلاع میں بارش کاامکان ہے۔فی الحال ماہی گیروں کو کوئی انتباہ نہیں دیا گیا تاہم ہندوستانی محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران طوفان میں شدت کاامکان ہے۔