ڈالر کی قیمت منصوبہ بندی سے بڑھائی گئی
اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ ملک میں مہنگائی کا بڑا طوفان آیا ہے۔ گزشتہ ماہ مہنگائی کی شرح 7 فیصد تھی جو کہ تشویش ناک بات ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے تحریک انصاف حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول کی قیمت 87 سے 97 روپے فی لیٹر تک پہنچ چکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر مفتاح اسماعیل نے کہا کہ مہنگائی کی شرح میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے جو اس وقت 4 سال کی بلند ترین سطح پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی کرنسی میں مسلسل گراوٹ ہو رہی ہے اور ڈالر کی قیمت بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ڈالر کی قدر میں اضافہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا ہے۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پاکستان پر 70.2 ارب ڈالر بیرونی اور 24 ہزار ارب روپے اندرونی قرضہ تھا۔ سعودی عرب سے پیسے مل چکے ہیں، امارات اور چائنا سے بھی ملنے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے، پھر اس کے بعد اب آئی ایم ایف کے پاس جانے کی کیا ضرورت ہے جبکہ بجلی کی قیمتوں میں بھی 144 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی گزشتہ حکومت پر بلواسطہ ٹیکس لگانے کا الزام لگایا گیا ہے جبکہ موجودہ حکومت نے 90 ارب کے نئے ٹیکس لگادیے ہیں۔ مفتاح اسماعیل نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ن لیگ سے زیادہ قرضہ لے گی۔ موجودہ حکومت صرف جھوٹ پر مبنی ہے اور جب دل چاہتا ہے یہ جھوٹ بولتے ہیں۔