سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے زیر انتظام 3 روزہ راجستھانی میوزیکل شو
جس طرح راجستھان کے قلعے ہماری پہنچان ہیں اسی طرح وہاں کی موسیقی بھی سیاحوں کو اپنی جانب راغب کر تی ہے ، سفیر ہند احمد جاوید
ثنا بشیر۔الاحساء
سعودی عرب کی معروف کمپنی سعودی آرامکو کی جانب سے کنگ عبدالعزیز سینٹر میں ایک شاندار پروگرام منعقد کیا گیا جس میں راجستھانی میوزک کے تڑکے نے ایسا سماں باندھا کہ مدتوں یاد رکھا جاے گا ۔ 3 روزہ میوزیکل پروگرام میں سعودی شہریوں کے علاوہ پاکستانی اورہندوستانی شہریوں کے ساتھ دیگر ممالک کے افراد نے بھی بھرپور شرکت کی۔ پروگرام میں سعودی آرامکو کے اعلیٰ افسران، سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے اہلکاروں اور ہند کے سفیر احمد جاوید نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر اسٹیج پر لگے خوبصورت سیٹ پر راجستھان کے معروف سنگرز اور سازندوں نے ایسا دل مو ہ لینے والا میوزک بجایا اور گلوکاروں نے اپنی سریلی اور مدھر آواز کے ساتھ گیت گائے کہ حاضرین داد دئیے بنا نہ رہے۔ا سکے سازندوں نے راجستھان کے مشہور سازندوں نے ڈھول، بانسری،چاردھا، سارنگی، ڈھولک، ڈھولکی، باجااور دیگر روایتی آلاتِ موسیقی کو مختلف راگ اور راگنیوں کے ہمراہ بجایا کہ ہال میں بیٹھے تمام افراد اس حسین اور کانوں کہ سماعت کو دلفریب گزرنے والی آوازوں سے لطف اندوز ہوئے بغیر نہ رہ سکے۔ اسٹیج پر راجستھانی گلوکاروں نے روایتی جھومر بھی ڈالا جسے بہت پسند کیا گیا ۔اس موقع پر اپنے مختصر پیغام میں ہند کے سفیر احمد جاوید کا کہنا تھا کہ وہ سعودی حکومت کے علاوہ آرامکو کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمارے کلچر کو یہاں فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ سفیر ہند کا کہنا تھا کہ راجستھان میں موجود تمام قلعے ہماری پہچان ہیں اور دنیا بھر سے سیاحوں کی بڑی تعداد یہاں کا رخ کرتی ہے۔ اسی طرح راجستھانی میوزک بھی سیاحوں کو اپنی جانب راغب کرتی ہے ۔ آج سعودی عرب میں راجستھانی میوزک نے سبھی ممالک کے شرکاء کو خوب محظوظ کیا ہے ۔ آرامکو کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ وہ ایسے پروگرامز کا انعقاد کرتی رہے گی تاکہ سعودی شہریوں کے علاوہ دیگر افراد بھی تفریح حاصل کر سکیں۔