بالوں کی خشکی ,علاج سے زیادہ احتیاط لازم
بالوں میں خشکی وہ مسئلہ ہے جو کسی بھی عمر میں کسی بھی شخص کو درپیش ہو سکتا ہے ۔ خشکی بالوں کے گرنے اور روکھے پن کا سبب بنتی ہے ۔ اگر آپ کے بالوں میں خشکی ہے تو آپ کو بہت زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے ۔ بالوں کو گندا یا تیل لگا ہوا نہ چھوڑیں ۔ رات میں اچھی طرح تیل کی مالش کریں اور صبح لازمی شیمپو کرلیں ۔ کنگھا ہمیشہ دھو کر استعمال کریں اور بہتر یہ ہے کہ اپنا کنگھا الگ کرلیں ۔ اپنے تکیے کا غلاف صاف ستھرا رکھیں ۔ معیاری شیمپو اور کنڈیشنر استعمال کریں ۔ اپنی خوراک پر خاص توجہ دیں ۔ پھل اور سبزیوں کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں ۔ پانی کثرت سے پئیں ۔ روزانہ آٹھ سے بارہ گلاس پانی پینے کی کوشش کریں ۔ ناریل کھائیں اور ناریل کا پانی پیئیں . یہ بالوں کی نشوونما اور انکا روکھا پن اور خشکی دور کرنے کے لئے بہت فائدہ مند ہے ۔ بالوں میں لگانے کے لئے سرسوں کے تیل میں مولی کے بیج ایک کھانے کا چمچ ، سرکہ دو کھانے کے چمچ اور پانی تین چمچ شامل کرکے اچھی طرح مکس کرلیں اور بالوں کی جڑوں میں لگا کر ہلکا سا مساج کریں ۔ ایک گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں اور پھر کسی اچھے شیمپو سے بال دھولیں ۔ مناسب توجہ اور دیکھ بھال سے آپ اپنے بالوں سے خشکی اور بے رونقی دور کرکے نرم و ملائم بال حاصل کر سکتی ہیں ۔