Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ ،راو طاہر اور عبدالرشید کے اعزاز میں الوداعی تقریب

 
 
 مولانا حفظ الرحمن سیوہاروی اکیڈمی کے سرپرست بہجت ایوب نجمی نے تقریب کا اہتمام کیا ،سابق وزیر چوہدری شہباز مہمانِ خصوصی تھے
 
رپورٹ :زمرد خان سیفی -  جدہ
 
مولانا حفظ الرحمن سیوہاروی اکیڈمی کے سرپرست بہجت ایوب نجمی نے اپنی رہائش پر دیرینہ احبابِ پاکستان کے راو محمد طاہر اور عبدالرشید کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا ۔سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین مہمانِ خصوصی تھے۔سعودی گزٹ کے سید اطہر رضوی ، ریڈیو جدہ سعودی عرب کے خالد محبوب ، پاکستان را ئٹرزفورم کے چیئرمین انجینیئر نیاز احمد ، سماجی شخصیت ملک محی الدین ، زاہد حسین ، محمد اکرم ، محمد امجد اقبال عرف لالہ جی ، عباس امجد اور دیگر احباب نے شرکت کی۔
سماجی شخصیت اسد اکرم نے نظامت کے فرائض انجام دئیے اور تلاوتِ کلامِ پاک سے تقریب کا آغاز کیا ۔بہجت ایوب نجمی نے استقبالیہ کلمات کے بعد اپنے دیرینہ دوستوں راﺅ محمد طاہر اور عبدالرشید کی دینی خدمات کو سراہا۔ اُنہوں نے راو محمد طاہر اور عبدالرشید کی دینی و سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ راﺅ محمد طاہر اور عبدالرشیدنے دینی اور سماجی خدمات انتہائی لگن ، خلوص اور ذمہ داری سے انجام دی ہیں۔ پاکستان رائٹرز فورم کی کامیابی میں اُن کا انتہائی اہم کردار ہے۔اُنہوں نے کہا کہ میرے نانا مولانا حفظ الرحمن سیوہاروی کہتے تھے کہ دنیاکا سب سے بڑا کینسر تعصب کا کینسر ہے آوہ اگر مسلمانوں سے نکل جائے تو اُن کی عظمت و شان اور قوت بہت بڑھ جائے گی۔اُنہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ یہ کہتا ہوں کہ میرا دماغ ہندوستان میں بستا ہے ، دل میرا پاکستان میں بستا ہے اور میری روح سعودی عرب میں موجود ہے۔
راو محمد طاہر نے کہا کہ میرا تعلق پاکستا ن کے شہر ہارون آباد، بہاولنگر سے ہے۔ 38سال سعودی عرب میںمقیم رہا ہوں ۔اُنہوں نے کہا کہ بہجت ایوب نجمی قابلِ قدر ہمہ جہت شخصیت ہیںدینی ، تحقیقی ، نومسلموں کے حوالے سے ، حجاجِ کرام کی خدمت اور رفاہی کاموں کے حوالے سے پیش پیش ہیں، بے شمار خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ پاکستان میں دینی خدمات کے حوالے سے اپنی بساط کے مطابق متحرک اور فعال رہوں گا۔
عبدالرشید نے کہا کہ32سال حرمین شریفین کی پُر نور فضاﺅں میں برسرِ روزگار رہا ہوں، اب وطنِ عزیز پاکستان اپنے شہر راوالپنڈی کی طرف عازمِ سفر ہوں۔ بہجت ایوب نجمی کی شخصیت دینی خدمات کے حوالے سے قابلِ رشک ہے، وہ محبت کرنے والے پرخلوص شخص ہیں اور اُن کی زندگی کا نصب العین دین کی خدمت ہے۔
انجینیئر نیاز احمد نے اس موقع پر کہا کہ انسان کی خوبیاں حقائق سے آشکار ہو جاتی ہیں۔ راو محمد طاہر اور عبدالرشید پختہ دینی شعورکے حامل ہیں۔جس طرح یہاں دینی حوالے سے بہترین خدمات انجام دے رہے ہیںاسی طرح پاکستان جا کر بہتر خدمات انجام دیں گے۔ اُنہوں نے وطنِ عزیز پاکستان کے حوالے سے کہا کہ ہمارا ملک اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے قائم دائم رہے گا۔
  مہمانِ خصوصی چو ہدری شہباز حسین نے بہجت ایوب نجمی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کمیونٹی میں بھائی چارہ مضبوط بنیادوں پر استوار ہے۔ اُنہوں نے راو محمد طاہر اور عبدالرشید کے لئے دُعا کی اور کہا کہ اللہ تعالی اُنہیں اپنے مقاصد میں کامیابی دے اور وہ اپنے وسیع تجربات سے نہ صرف مقامی افراد کو مستفید کریں گے بلکہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور استحکام میں بھی سرگرم عمل رہینگے۔ اُنہوں نے وطنِ عزیز پاکستان کے حوالے سے کہا کہ پاکستان کے معرضِ وجود میں آنے کے فوراً بعد اسے سازشوں کا مرکز بنا دیا گیا اور ان سازشوں میں اپنے لوگوں کے علاوہ بیرونی دشمن عناصر شریک رہے ہیں۔
الوداعی تقریب شعری نشست کے بعد اختتام پذیر ہوئی۔ عبدالرشید نے معروف شعرائے کرام کے فکرانگیز اشعار پیش کئے۔ بہجت ایوب نجمی نے بھی دل کو چھو لینے والا کلام پیش کیا ۔زمرد خان سیفی نے تازہ نظم پیش کی۔
******

شیئر: