Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

90سال کی نظر آنے والی 12سالہ لڑکی چل بسی

  میکسیکو سٹی ..... پروگیریا نامی بیماری میں مبتلا 12سالہ بچی اس تکلیف سے طویل جنگ کے بعد بالاخر زندگی کی بازی ہار گئی۔ 12سالہ کیرن اورڈونز کا تعلق کولمبیا کے نواحی علاقے سے تھا اور وہ دیکھنے میں 90سال کی نظرآتی تھی۔ ڈاکٹروں کے مطابق اس بیماری میں انسانی جسم بہت تیزی سے بڑھاپے جیسے آثار کا شکار ہوجاتا ہے اور کم عمر بچہ بھی دیکھنے میں بڑی عمر کا نظر آنے لگتا ہے۔ کیرن کے ساتھ بھی یہی مسئلہ تھا ۔ کمسنی میں اس تکلیف کا شکار ہونے والی کیرن نے بیماری سے بھرپور مقابلہ کرتے ہوئے خصوصی شہرت حاصل کی اور اسے کولمبیا میں اعزازی طور پر پولیس کے سربراہ کا عہدہ بھی پیش کیاگیا تھا۔ اسکے جوش و جذبے ، ہمت اور شدید بیمار ہونے کے باوجود حس مزاح کی وجہ سے اسے عوام میں بے پناہ مقبولیت حاصل تھی۔اسکی موت کی خبر پر لوگوں میں رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔ اسے کولمبیا کی قومی ہیروئن کا درجہ حاصل تھا اور موت کی خبر نے سوشل میڈیا پر بھی صف غم بچھادی۔ لوگوں کا کہناتھا کہ وہ اپنی حقیقی ہیروئن سے محروم ہوگئے ہیں جس نے انہیں زندگی کے ہر مسئلے سے ہمت کے ساتھ لڑنے کا حوصلہ دیا تھا۔ کولمبیا کی نیشنل پولیس کے سربراہ جنرل جورگ نائیٹو نے بھی کیرن کے انتقال پر دکھ اور صدمے کا اظہار کیا۔انکا کہناتھا کہ ہمیں فخر ہے کہ وہ اعزازی طور پر ہی سہی مگر ہماری پولیس کی سربراہ رہیں۔ اسی بیماری میں مبتلا ایک اور کولمبین بچی میگالی گونزالیز سیرا 15سال کی ہوچکی ہے اور اسکی صحت کیرن کی نسبت زیادہ خراب ہے اسلئے کسی کو یہ اندازہ نہیں تھا کہ کیرن پہلے زندگی کی بازی ہار جائیگی۔ میگالی نے کیرن کی موت پر شدید دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اپنی بہترین دوست سے محروم ہوگئی ہے۔ اس بیمار ی کی وجہ سے وہ دل اور جوڑوں کے امراض کا شکار بھی ہوگئی تھی۔

شیئر: