Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مودی پوری دنیا میں مذاق بن گئے ،کیجریوال

نئی دہلی... ریاست دہلی کے وزیر اعلیٰ اور حکمراں جماعت عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال نے پھر وزیراعظم نریندر مودی کو ہدف تنقید بنایا ہے اور مطالبہ کیا کہ نوٹ بندش کے معاملے پر وائٹ پیپر جاری کیا جائے اور آزادانہ تحقیقات کرائی جائے۔ پیر کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ وزیراعظم نے ہزار اور 500 کے نوٹوں کی منسوخی کرکے مالیاتی نظام سے اچانک ہی 86 فیصد کرنسی نوٹوں کو باہر کردیا جس سے پوری دنیا میں وہ خود ہی مذاق بن گئے ۔ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ کسی بھی ملک میں جائیں تو وہاں ہندوستانی وزیراعظم کا تمسخر اڑایا جاتا ہے۔ سابق وزیراعظم منموہن سنگھ سے وہ کچھ سیاسی اختلاف ضرور رکھتے تھے لیکن اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ منموہن سنگھ نے دنیا میں عزت و وقار حاصل کیا۔ ان کا ہر ملک میں احترام کیا جاتا تھا اور جو مخالفین تھے وہ بھی ان کے علم ، دانشمندی اور تجربے کے معترف تھے لیکن وزیراعظم نریندر مودی نے نوٹوں کی منسوخی سے آزاد ہندوستان میں بڑے اسکینڈل کو جنم دیا ہے۔ ان کا یہ پورا عمل سیاسی تھا جس کو بدعنوانی سے پورا کیاگیا۔ کیجریوال نے کہا کہ ہفتہ کو وزیراعظم نے مایوس کن تقریر کی۔ بی جے پی اور آر ایس ایس کے کارکن بھی ان کی تقریر سے مایوس ہوئے ہیں کیونکہ وزیراعظم نے کوئی وعدہ نہیں کیا کہ بینکوں اور اے ٹی ایم سے نقدی نکالنے کیلئے حالات معمول پر کب تک آئیں گے۔ 

 

شیئر: