بالوں کی حفاظت کیسے کریں
احتیاط علاج سے بہتر ہے ۔ سو بالوں کی حفاظت کے معاملے میں انہیں گرنے سے روکنا پہلا اصول ہے ۔ بجائے اس کے کہ آپ خشکی اور سکری ، بالوں کا گرنا یا بے رونق ہو جانے جیسے مسائل سے دوچار ہوں اور پھر کسی جلد کے ماہر ڈاکٹر سے رجوع کریں ، بہتر ہے کہ پہلے ہی بالوں کی حفاظت کے معاملے میں احتیاط سے کام لیں ۔
بالوں کے لیے ہمیشہ اچھے شیمپو اور دیگر پروڈکٹس کا انتخاب کریں ۔ ایسے شیمپو اور کنڈیشنر منتخب کریں جو آپ کے بالوں کی ساخت کے لحاظ سے مناسب ہوں ۔ ا س سلسلے میں بالوں کے کسی ایکسپرٹ سے مشورہ لے لیں تو بہتر ہوگا ۔ تاہم تیز شیمپو اور الکوحل آمیز پراڈکٹس کو بالوں پر استعمال کرنے سے اجتناب کریں ۔
بالوں کو نرمی اور احتیاط سے خشک کریں ۔ انہیں تولیہ سے رگڑنے کے بجائے تھپتھپا کر خشک کریں ۔
بالوں میں برش نرمی اور آہستگی سے کریں ۔ اگر آپ کے بال جلد الجھ جاتے ہیں اور کمزور ہیں تو انہیں پہلے سروں کی جانب سے سلجھائیں اور بعد میں جڑوں سے سروں تک نرمی سے سلجھائیں ۔
اگر بالوں کو بلو ڈرائی کرنا ہو تو ہیر ڈرائیر کو کول کے آپشن پر رکھیں ۔ کیونکہ گیلے بالوں پر براہ راست تیز گرم ہوا انہیں روکھا اور کمزور بنا دیتی ہے ۔ اس کے علاوہ بالوں کو آئرن کرتے وقت کوئی حفاظتی سیرم ضرور استعمال کریں ۔
بالوں کو سختی سے ہیر بینڈ اور کلپ میں باندھنے سے گریز کریں ۔ بالوں کو کس کر باندھنے اور کھینچ کر کوئی ہیئر اسٹائل بنانے سے بھی اجتناب کریں ۔ کیونکہ اس صورت میں بالوں کی جڑیں کمزور ہونے اور بال ٹوٹنے کا اندیشہ ہوتا ہے ۔
اپنے بالوں کو دھوپ سے بالکل اسی طرح محفوظ رکھیں جیسے آپ اپنی جلد کی حفاظت کرتی ہیں ۔ دھوپ میں نکلتے وقت سر کو ڈھانپ لیں تاکہ سورج کی تیز شعاعیں آپ کے بالوں پر اثرانداز نہ ہوں ۔