شام کی تقریبات کے لیے ڈارک میک اپ کا انتخاب کریں
دن اور رات کی تقریبات میں کیا جانے والا میک اپ ایک جیسا نہیں ہوتا ۔ بیوٹی ایکسپرٹ دن کے لئے لائٹ میک اپ جب کہ شام کی تقریبات کے لیے ڈارک میک اپ کو موزوں قرار دیتے ہیں ۔ اگر لپ اسٹک کی بات کی جائے تو شام کی تقریبات کے لئے ڈارک لپ اسٹک کلر کا انتخاب کریں ۔ آپ چاہیں تو ایک ہی شیڈ کی لپ اسٹک لگائیں یا پھر اپنی پسند کے دو تین شیڈز ملا کر کوئی منفرد شیڈ بنا لیں ۔ لیکن اس بات کا خیال رکھیں کہ ڈارک لپ اسٹک کے ساتھ لائٹ آئی میک اپ کا انتخاب کریں اور اگر آپ کا آئی میک اپ ڈارک ہے تو لائیٹ لپ اسٹک لگانے کی کوشش کریں ۔ شام کی تقریبات کے لیے آئی میک اپ کی بات کی جائے تو شمری ، گلیٹر اور سموکی آئی میک اپ میں سے کسی ایک کا انتخاب کیا جا سکتا ہے ۔ گلیٹر آئی میک اپ ٹرینڈ میں زیادہ مقبول ہے تاہم گلیٹر کا انتخاب تقریب کی مناسبت سے کیا جائے ۔ چہرے کے خدوخال اور بناوٹ کو واضح کرنے اور مزید خوبصورتی پیدا کرنے کے لئے کنٹورنگ کا استعمال کریں ۔ چہرے کو پتلا ، لمبا یا ناک کو پتلا ظاہر کرنے کے لیے متناسب انداز سے چہرے کی کنٹورنگ کریں ۔ اس بات کا خیال رکھیں کہ کنٹورنگ بہت زیادہ ڈارک نہ ہو کیونکہ کنٹورنگ کے زیادہ گہرے شیڈز چہرے پر برا تاثر چھوڑتے ہیں ۔ چہرے پر ہائی لائٹر اور بلش آن کا بھی متناسب انداز میں استعمال کریں ۔ چہرے کے ساتھ گردن کا میک اپ بھی کریں تاکہ آپ کو ایک پرفیکٹ خوبصورت لک مل سکے ۔ اپنے لباس کی مناسبت سے ہیئر اسٹائل کا انتخاب کریں ۔ اپنی تمام تر تیاری میں اس بات کا خیال رکھیں کہ میک اپ آپ کی شخصیت کے مطابق ہو اور آپ کی شخصیت کو ابھارنے اور مثبت تاثر دینے میں کامیاب رہے ۔