Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مذہب کے نام پر سیاست نہیں کرتے،راج ناتھ

نئی دہلی ...مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے مذہب اور ذات کے نام پر ووٹ مانگنے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے کبھی مذہب کی سیاست نہیں کی البتہ خود کو سیکولر بتانے والی پارٹیوں کو اب محتاط رہنا ہوگا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بی جے پی پر مذہب اور ذات کے نام پر صف بندی کی سیاست کرنے کے الزامات کی تردید کی اور کہا کہ کبھی اس طرح کی سیاست نہیں کی۔ اگر ایسا ہوتا تو اسے 2014 کے لوک سبھا الیکشن میں بھاری اکثریت نہیں ملتی۔ ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے جب کسی غیر کانگریسی حکومت کو اتنی بھاری اکثریت حاصل ہوئی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہً سیاست مذہب اور ذات پر نہیں بلکہ انسانیت کے نام پر کی جانی چاہئے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ رام مندر کا معاملہ پہلے سے ہی عدالت میں زیر التوا ہے۔ اترپردیش میں سماج وادی پارٹی میں اندرونی لڑائی سے متعلق انہوںنے کہا کہ خاندان میں لڑائی کبھی اچھی نہیں ہوتی لیکن جب پورا خاندان ہی اقتدار میں ہو تو اس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑتا ہے۔ سماج وادی پارٹی کی باہمی لڑائی سے جو نقصان ہونا تھا وہ ہوگیا اب اس کا سدھار آنے والی حکومت کرے گی۔انہوں نے دعوی کیا کہ نوٹ بند کرنے کے فیصلے سے دہشت گردوں اور نکسلیوں کا زور کم ہواہے اور ان کی کمر ٹوٹ چکی ہے تاہم دہشت گردی چٹکی بجاتے ہی ختم نہیں ہو سکتی۔

شیئر: