دہلی اور یوپی سے گرفتار نوجوان عدالت میں پیش،5ملزمان مزیدریمانڈ پر
نئی دہلی۔۔۔۔این آئی اے کی جانب سے حالیہ چھاپے مہم کے دوران دہلی اور یوپی سے گرفتار مسلم نوجوانوں کو دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں پیش کیا گیا۔ اس موقع پر جمعیت علمائے ہند کے وکیل محمد نوراللہ نے بتایا کہ قومی تحقیقاتی ایجنسی( این آئی اے) نے ایک بار پھر عدالت سے ان تمام ملزمان کیلئے مزید ریمانڈ کا مطالبہ کیا۔ ایڈیشنل سیشن جج راکیش سیال نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد مفتی سہیل اور ثاقب کیلئے مزید 5دن کیلئے ریمانڈکی اجازت دی جبکہ ملزم محمد زبیر ، انس اورزید کو 3دن کیلئے ریمانڈپردیدیا۔ علاوہ ازیں 5ملزمان محمد ارشاد، سعید ، رئیس، ظفر اور اعظم کو عدالتی حراست میں تہاڑ جیل بھیجنے کی ہدایت دی۔ جمعیت علمائے ہند کے وکیل نے بحث کے دوران یہ سوال اٹھایا کہ مزید ریمانڈ دینے سے قبل گزشتہ 10دنوں کی ریمانڈ تفصیلات پیش کی جائیں جس پر ایجنسی تحریری تفصیل پیش کی۔ ایڈوکیٹ نوراللہ نے بتایا کہ عدالت نے ملزمان کو ان کے رشتے داروں سے ملنے کی اجازت دی۔واضح ہوکہ گزشتہ دنوں ملزمان مفتی محمد سہیل، انس یونس، راشد ظفر ، سعید احمد ، رئیس احمد، زبیر ملک ، زید ملک، ثاقب افتخار، محمد ارشاد اورمحمد اعظم جن کا تعلق امروہہ ، جعفر آباد اور دیگر علاقوں سے ہے ان کے قبضے سے پولیس نے دیسی ساخت راکٹ لانچر، الارم ٹائمرگھڑی وغیرہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیاتھا۔