گیس بحران کی رپورٹ پر 2 اہم شخصیات کی برطرفی کا فیصلہ
اسلام آباد: ملک میں جاری گیس بحران سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ کے بعد حکومت نے سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کے ایم ڈیز کو برطرف کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق وزیرا عظم عمران خان کو گزشتہ ماہ پیش آنے والے گیس بحران کی انکوائری رپورٹ پیش کردی گئی ہے جس میں ذمے داروں کا تعین کیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق رپورٹ میں سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کے ایم ڈیز کو گیس کے بحران کا ذمے دار قرار دیا گیا ہے اور رپورٹ کی روشنی میں دونوں ایم ڈیز کے خلاف کارروائی کیے جانے کا امکان ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ کمیٹی نے دونوں ایم ڈیز کی فوری طور پر برطرفی کی سفارش کردی ہے۔ ایم ڈیز کی برطرفی کی سفارشات وزارت پیٹرولیم کو ارسال کردی گئی ہیں اب دونوں ایم ڈیز کی برطرفی کا نوٹی فکیشن جلد جاری کر دیا جائے گا۔