رشی کیش :سپرمارکیٹ میں گوشت کی فروخت پرہنگامہ
دہرہ دون ۔۔۔ اتراکھنڈ کے رشی کیش میں دہرہ دون روڈ پرواقع ایزی ڈے کلب سپرمارکٹ میں فروزن فوڈ چکن کا پیکٹ نظر آنے پر گاہکوں اورمقامی باشندوں نے ہنگامہ برپا کردیا اوراس کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔اطلاع ملنے پر پولیس، فوڈ انسپکٹر اور میونسپل کارپوریشن کے افسران موقع پر پہنچ گئے۔ اسٹور میں فروزن چکن کا ایک ہی پیکٹ برآمد ہواجبکہ ریکارڈ چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ اسٹور میں 22 پیکٹ فروزن چکن کے آئے تھے جن میں سے 21 پیکٹ فروخت ہو چکے۔ایک سماجی کارکن جیندر رمولا نےمیونسپل کارپوریشن ، پولیس اور فوڈ انسپکٹر کو اس کی اطلاع دی جس پر کارروائی کرتے ہوئے افسران نے فروزن فوڈ چکن پیکٹ اور چکن سوپ ضبط کرکے تلف کرادیا۔فوڈ انسپکٹر سنجے تیواری نے ایزی ڈے کلب میں ممنوعہ اشیا فروخت کرنے پر جرمانہ عائد کیااورمیونسپل کارپوریشن کے ضابطوں اور خوراک سے متعلق قانون کے تحت کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔