Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گجرات : پتنگ بازی کیلئے چھتیں کرائے پردی جانے لگیں

احمد آباد۔۔۔گجراتی بہترین تاجر شمار کئے جاتے ہیں اسلئے کہا جاتا ہے کہ وہ ہر چیز میں تجارت کا پہلوتلاش کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں ۔اب تو حالت یہ ہوگئی ہے کہ وہ گجراتی تہوار منانے کے ساتھ اس کی تشہیری مہم بھی چلاتے ہیں ۔یہاں کے مقامی تہوار ’’اترائن‘‘ پر پتنگ بازی بڑے پیمانے پر شروع ہوجاتی ہے۔ اترائن کے موقع پر پتنگ میلے کو پتنگ سیاحت میں تبدیل کرکے اسے بڑے کاروبار میں تبدیل کرنے کا سہرا پرانے احمدآباد کے باشندوں کے سر جاتا ہے۔تہوار کے دوران لوگ اپنے گھر وں کی چھتیں کرائے پر دیتے ہیں۔وہ چھتوں پرجشن کا کاروبار کرتے ہیں۔کھاڑیا اور رائے پور جیسے پرانے علاقوں کے چھوٹے چھوٹے محلوں میں پتنگ اس قدر اڑائی جاتی ہے کہ آسمان رنگ برنگی پتنگوں سے ڈھک جاتا ہے۔پتنگ بازی پر بڑی بڑی شرطیں لگائی جاتی ہیں ۔موسیقی اور ڈھول کی تھاپ پر لوگ صبح سے شام تک جھومتے نظر آتے ہیں۔یہاں پتنگ اڑانے کا روایتی انداز اور میلہ دیکھنے کیلئے سیاح بڑے پیمانے پر آتے اور پتنگ اڑاکرخوشگوار ماحول سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
پتنگ سیاحت کیا ہے؟
پرانے احمد آباد میں 14سے 15جنوری تک پتنگ میلے کی دھوم مچی رہتی ہے۔اس جشن میں شرکت کیلئے ملک و بیرون ملک میں آبادگجراتی اور سیاح بڑے پیمانے پر احمد آباد آتے ہیں ۔پتنگ بازی کے شائقین گنجان محلوں کی چھتوں سے پتنگ اڑانے میں دلچسپی لیتے ہیں ۔ شائقین کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے مقامی باشندوں نے پتنگ کے دیوانوں کیلئے اپنے گھروں کے دروازے کھول دیئے اور چھت کا کرایہ متعین کردیا۔پتنگ میلے کیلئے 1500روپے سے 2000روپے تک کا پیکیج رکھا گیاہے جس میں پتنگ اڑانے کے شائقین کوخالص گجراتی کھانے، رقص ،موسیقی اور لامحدود من پسند پتنگیں اور مانجھا فراہم کیا جاتا ہے۔اس پیکیج کے تحت شائقین کی تواضع صبح سویرے مسالے دار چائے اور ناشتے میں خالص گجراتی کھانا جیسے تل سانکلی، سنگپاک اور چوانو پیش کیا جاتا ہے۔ اس کے بعد چھت پر ہی مہمانوں کو بیر، امرود اور دیگر مختلف قسم کے پھل بھی دیئے جاتے ہیں ۔دوپہر کے کھانے میں اوندھیو ، جلیبی ، پوری ، کچوری کا انتظام ہوتا ہے۔ سیاحتی پتنگ پیکیج میں پتنگیں ، مانجھا اور کھانے پینےکی اشیاء کے علاوہ وہاں موجود نوجوان پتنگ اڑانے، لڑانے اور کاٹنے کے داؤ  پیچ بھی شائقین کو سکھاتے ہیں۔
مزید پڑھیں:- - - - ِکیرتی نگر فرنیچر مارکیٹ میں آتشزدگی، 100جھگیاں بھی خاکستر

شیئر: