Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹیسٹ میں سری لنکا کو ہرا دیا

کیپ ٹاون.. جنوبی افریقی فاسٹ بولر کاگیسو ربادا نے کیپ ٹاون ٹیسٹ کے چوتھے دن 3 اوورز میں2 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے سری لنکا کیخلاف حالیہ سیریز کے دوسرے میچ میں 10 وکٹیں مکمل کرنے کے ساتھ جنوبی افریقہ کو 282 رنز سے فتح دلانے میں بنیادی کردار ادا کیا۔ ربادا نے دوسری اننگز میں 55 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ پہلی اننگر میں وہ 37 رنز دے کر 4 وکٹیں لے چکے تھے۔ سری لنکن ٹیم جسے فتح کیلئے 507 رنز کا ہدف ملا تھا دوسری اننگز میں 62 اوورز کھیلتے ہوئے 224 رنز پر آوٹ ہوگئی۔ ربادا کو میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔ سری لنکا نے تیسرے دن کے اسکور 130 رنز 4 کھلاڑی آوٹ پر اپنی اننگز دوبارہ شروع کی تھی۔ کپتان انجیلو میتھیوز 29 اور وکٹ کیپر دنیش چندیمل 28 رنز کے ساتھ دوبارہ کھیلنے آئے۔ میتھیوز 49 رنز پر ربادا کا شکار ہوئے جبکہ چندیمل اپنے اسکور میں صرف2 رنز کا اضافہ کرسکے۔ رنگانا ہیرتھ نے ناقابل شکست 35 رنز کے ساتھ جنوبی افریقی بولرز کا مقابلہ کرنے کی کوشش کی لیکن دوسری جانب سے وکٹیں گرتی چلی گئیں اور وہ 35 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ ورنن فلینڈر نے تین اور کیشو مہاراج نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ اوپل تھرنگا12 ، سرنگا لکمل 10، کمارا 9 اور نووان پردیپ 5 رنز بناسکے۔ اس فتح سے جنوبی افریقہ نے 3 میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرکے سیریز بھی اپنے نام کرلی۔ ربادا کو میچ وننگ بولنگ پر بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا۔ 
 

 

شیئر: