ذکرالرحمان سے تلنگانہ این آرآئی فورم کے صدر عبدالجبار کی خیر سگالی ملاقات
جمعرات 17 جنوری 2019 3:00
جدہ ( امین انصاری ) انڈین کمیونٹی نے فلسطین کیلئے ہند کے سابق سفیر ذکرالرحمان کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا ۔اس موقع پر تلنگانہ این آر آئی فورم کے صدر محمد عبدالجبار نے ان سے خیر سگالی ملاقات کی اور تلنگانہ این آر آئی فورم کی کارکردگی سے انہیں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ فورم گزشتہ ایک دہائی سے ہر سال حج پر حجاج کی خدمت کے لئے بڑے پیمانے پر والینٹیئرز کو منیٰ، مزدلفہ اور عرفات نائب صدر محمود مصری ،خازن محمد لئیق کی نگرانی میں روانہ کرتی ہے ۔ عبدالجبار نے بتایا کہ یہ خدمت قونصل خانہ ہند جدہ کے مکمل تعاون اور نگرانی میں کی جاتی ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے ذکرالرحمن کی بحیثیت حج قونصلر خدمات کی بھی ستائش کی اور کہا کہ حجاج کیلئے آپ کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔ذکرالرحمن نے تلنگانہ این آر آئی فورم کی کارکردگی پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ حجاج کی خدمت کا کام بہت وسیع ہے ۔انڈین کمیونٹی زیادہ سے زیادہ تعداد میں خدمت کیلئے خود کو پیش کرے ۔ انہوں نے کہا کہ مملکت میں مقیم ہندوستانی اپنی اپنی ریاست کی کمیونٹی کیلئے بہترین خدمات انجام دے رہے ہیں جس کیلئے تنظیموں کے سربراہان اور کارکنان مبارکباد کے مستحق ہیں۔فورم کی جانب سے صدر نے انہیں گلدستہ پیش کیا ۔تقریب میں عثمانیہ اور علیگڑھ یونیورسٹی کے سابق طلباء اور شرکاء کی کثیر تعداد موجود تھی ۔