اے ایم یوڈپلومہ:اب مدارس کے طلبہ بھی بن سکتے ہیں جونیئر کمشنر اور صوبیدار؟
علی گڑھ ۔۔۔علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ( اے ایم یو) کی جانب سے جلد ہی نیا کورس شروع کیا جارہا ہے۔ یہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد ہندوستانی فوج میں مولوی کے عہدے پر براہ راست درخواست دی جاسکتی ہے۔اس سے مدارس کے طلبہ کیلئے سرکاری ملازمت کی راہ ہموار ہوگی۔فوج میں انکی بھرتی نائب صوبیدار کے عہدے پر ہوگی۔ دراصل نئے سیشن کے آغاز سے اے ایم یومیں ’’اسلامک چیپلین‘‘کے نام سے ایک سال کا ڈپلومہ کور س کرانے کی تیاری شروع کی جارہی ہے۔کالج میں اس کورس کو مکمل کرنے والوں کو فوج سمیت دیگر سرکاری اداروں میں ملازمت کے مواقع دستیاب ہونگے۔اس کورس میں داخلے کیلئے مدارس کے طلبہ کے پاس ادیب کامل یا ادیب ماہر یعنی بی اے کے مساوی ڈگری ہونا لازمی ہے۔اس کے بعد طلبہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ایک سا لہ ڈپلومہ کرسکتے ہیں اور پھر براہ راست مولوی کے عہدے پر فائز ہوسکیں گے ۔ اہم بات یہ ہے کہ لڑکوں کے ساتھ لڑکیاں بھی یہ ڈپلومہ کرسکیں گی۔ابتدائی طور پر 10طلبہ کو داخلہ دیا جائیگاجن میں 5نشستیں لڑکیوں کیلئے مخصوص ہونگی۔یہ کورس مکمل کرنے والے مدارس کے طلبہ و طالبات کو فوجی اسپتال، جیل انتظامیہ جیسی دیگر جگہوں پر تعینات کیا جاسکے گا۔واضح ہو کہ ہر سال فوج میں مذہبی اساتذہ(پنڈت، مولوی، پادری، گرنتھ، بودھ کی ماہر)تعینات کئے جاتے ہیں۔ان کی تعیناتی بطور جونیئر کمشنر افسر کے ہوتی ہے۔ اس سلسلے میں مسلم نوجوانوں کو معلومات نہ ہونے کی وجہ سے بیشتر اِن عہدوں سے محروم ہوجاتے ہیں۔