پی آئی اے کی نجکاری پر کام کب ہوگا؟ وفاقی وزیر نے بتا دیا
اسلام آباد: وفاقی وزیر نے پی آئی اے کی نجکاری کرنے سے متعلق بیان جاری کردیا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر برائے نجکاری میاں محمد سومرو نے کہا ہے کہ قومی ائرلائن کی بحالی کے بعد ادارے کی نجکاری پر کام ہوگا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی آئی اے ہیڈ آفس کی منتقلی کے حوالے سے مکمل جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا، تاہم پی آئی اے کی نجکاری فاسٹ ٹریک پر نہیں ہے۔ فی الحال پی آئی اے کی بحالی پر کام جاری ہے جس کے بعد نجکاری پر کام ہوگا جبکہ اسلام آباد ائرپورٹ پر مزید بہتری کی کوششیں کی جا رہی ہیں جو کہ آئندہ بھی جاری رہیں گی۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پی آئی اے کا ہیڈکوارٹر اسلام آباد منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی وجہ ہوا بازی ڈویژن کے آفس کا وفاقی دارالحکومت میں ہونا ہے۔