Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دن کے بجائے رات میں باتیں کرنیوالی لڑکی؟

کانپور۔۔۔اسپتال میں داخل25سالہ نا معلوم لڑکی دن میں گُم سُم اور خاموش رہتی ہے۔شام ڈھلتے ہی بستر سے اٹھتی اور رات جیسے جیسے گزرتی ہے وہ ٹوٹے پھوٹے الفاظ کے ساتھ اپنی باتیں کہنا شروع کرتی ہے۔ دن میں کئے جانے والے تمام کام رات میں انجام دیتی ہے۔ ڈاکٹروں نے اندیشہ ظاہر کیا کہ لڑکی ریٹروگریٹ ایمنیز جیسی بیماری میں مبتلا ہے۔لڑکی جی ایس وی ایم میڈیکل کالج سے ملحق ہلّیٹ اسپتال میں گزشتہ 3برسوں سے زیر علاج ہے جسے پولیس نے حادثے میں زخمی ہونے کے بعد یہاں لائی تھی۔علاج کے بعد اس کے سر میں لگنے والی چوٹ تو ٹھیک ہوگئی مگروہ یادداشت سے محروم ہوگئی۔اسپتال کے جونیئر ڈاکٹرز،وارڈ بوائے اور وہاں کے ملازمین اس کا بیحد خیال رکھتے ہیں۔نیوروسرجن ڈاکٹر منیش سنگھ نے کہا کہ لڑکی کے دماغ کے جس حصے میں چوٹ لگی تھی وہیں یادداشت جمع ہوتی ہے۔عام طور پر 3سے 10ماہ بعد یادداشت بحال ہوجاتی ہے۔بعض معاملات میں برسوں لگ جاتے ہیں مگر یہ لڑکی رات میں ہی کیوں بولتی ہے ، اس پر تحقیق کی ضرورت ہے۔ممکن ہے کہ اسے ریٹروگریٹ ایمنیزنامی بیماری لاحق ہوگئی ہو۔اس قسم کے مریضوں کی یادداشت ختم ہوجاتی ہے۔ رات میں ماحول خاموش رہتا ہے ایسے عالم میں یادداشت دوبارہ بحال ہونا شروع ہوجاتی ہے۔ڈاکٹر روی کمار نے کہا کہ ممکن ہے چوٹ لگنے کی وجہ سے لڑکی ذہنی مرض میں مبتلا ہوگئی ہو ۔ کونسلنگ کے ذریعے یادداشت واپس لائی جاسکتی ہے۔لڑکی کے اہل خانہ مل جائیں تو اس کی طبیعت جلد بحال ہوسکتی ہے۔ لڑکی کا علاج مکمل ہونے کے باوجود یادداشت بحال نہ ہوسکی جو ڈاکٹروں کیلئے باعث فکر ہے۔ اسے اب ذہنی مریضوں کے اسپتال آگرہ منتقل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: - - - - -انشورنس کی رقم کی خاطر آر ایس ایس رہنما نے ملازم کو قتل کردیا

شیئر: