مودی حکومت میں 21 کروڑ غریبوں کو انشورنس کی سہولت فراہم کی گئی،صدرکووند
جمعرات 31 جنوری 2019 3:00
نئی دہلی۔۔۔صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کے پا رلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے بعد بجٹ اجلاس شروع ہوگیا۔ پارلیمنٹ کا یہ اجلاس 13 فروری تک جاری رہے گا۔جمعہ یکم فروری کو عبوری بجٹ پیش کیا جائے گا۔ صدر کووند نے خطاب میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس(این ڈی اے) حکومت کی کامیابیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ اس بات سے بخوبی واقف ہونگے کہ بیماری کے علاج کا خرچ ، غریب خاندان کو اور بھی غریب بنا دیتا ہے۔ اس مسئلے سے نمٹنے کیلئے گزشتہ سال’ ’آیوشمان بھارت منصوبہ‘ ‘کا آغاز کیاگیا۔ صرف ایک روپیہ فی ماہ کے پریمیم پر ’’پردھان منتری سرکشا بیما یوجنا‘ ‘ اور 90 پیسے روزانہ کے پریمیم پر ’ ’پردھان منتری جیون جیوتی یوجنا‘ ‘کے طور پر تقریباً 21 کروڑ غریبوں کو انشورنس کی سہولت فراہم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ’ ’پردھان منتری جن اوشیدھی یوجنا‘‘ کے تحت ملک بھر میں اب تک 600 سے زیادہ اضلاع میں 900 عوامی میڈیکل اسٹورز کھولے جا چکے ہیں جہاں انتہائی کم نرخ پر 700 سے زائد اقسام کی ادویات موجودہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت غریب خواتین اور بچوں کی بہتر صحت کیلئے ہرممکن کوشش کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ چاہے شہر ہو یا گاؤں، حکومت صحت اداروں کو مستحکم بنانے کیلئے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ گزشتہ 4 برسوں میں میڈیکل کی تعلیم کیلئے 31 ہزار نئی نشستوں کا اضافہ کیا گیا۔ حکومت کی طرف سے نئے میڈیکل کالج کھولے جا رہے ہیں، ضلع اسپتالوں کو جدید خطوط پر استوارکیا جارہا ہے جہاں عصری طریقہ علاج اور دیگر تمام تر سہولتیں مہیا ہونگی۔