دہلی:صفدر گنج اسپتال میں مریضوں کیلئے ای رکشہ کی سہولت
نئی دہلی۔۔۔صفدر گنج اسپتال نے مریضوں کیلئے ای رکشہ کی خدمات کا آغاز کردیا۔ فی الحال 2ای رکشہ سے اس سروس کا آغاز کیا گیا۔مریضوں کو او پی ڈی سے لیکر ایمرجنسی اوردیگر وارڈ تک ای رکشہ کی سہولت ہوگی۔اس کا فائدہ اُن ہزاروں مریضوں اور تیمارداروں کو ہوگا جنہیں اپنے مریضوںکی خاطر وارڈ سے اسپتال کی مختلف عمارتوں اور شعبوں کا چکر لگانا پڑتا ہے۔ ای رکشہ اسپتال میں بینک آف بڑودہ کے تعاون سے تعینات کیا گیا۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر راجیندر شرما نے خوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ای رکشہ کی خدمات کے آغاز سے اسپتال میں مریضوں کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے میں کامیابی ملی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ آئندہ دنوں میں انتظامات مزید بہتر بنائے جائیں گے تاکہ مریضوں کو دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔بینک آف بڑودہ کے جنرل منیجر راکیش کمار بھاٹیہ نے بینک کی جانب سے اسپتال کوای رکشہ فراہم کرنے پر مسرت کا اظہار کیا۔