یکم فروری2019ء جمعہ کو سعودی عرب سے شائع ہونیوالے عربی اخبار البلاد کا اداریہ نذر قارئین
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بدعنوانی کے انسداد، بیخ کنی اور شفاف ماحول کے تحفظ کے سلسلے میں ریاستی پالیسی برقرار رکھنے کی تاکید کرکے ایسے تمام لوگوں کو دوٹوک پیغام دیدیا ہے جو سرکاری خزانے پر ہاتھ صاف کرنے ، سرکاری خزانہ لوٹنے اور اس کا تقدس پامال کرنے کا ذرا سا بھی ارادہ رکھتے ہوں۔شاہ سلمان نے تاکید کی ہے کہ بدعنوانی کے انسداد کیلئے قائم اداروں کو مضبوط کیا جائے اور قومی خزانے کے تحفظ کے نظام کو موثر بنایا جائے۔
شاہ سلمان کو ولیعہد و سربراہ اعلیٰ کمیٹی برائے انسداد نے انسداد ِبدعنوانی کمیٹی کی رپورٹ پیش کردی۔ انہوں نے رپورٹ میں واضح کیا کہ کمیٹی نے کیا کچھ کیا اور شاہی فرمان پر عملدرآمد کے حوالے سے کیا طریقہ کار اپنایا، کیانتائج برآمد ہوئے۔ انسداد بدعنوانی کمیٹی کو جو ذمہ داریاں تفویض کی گئی تھیں کمیٹی نے احسن طریقے سے نبھایا۔ کمیٹی کی کارکردگی بدعنوانی سے نمٹنے کے سلسلے میں ریاست کے واضح مشن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔کمیٹی کی رپورٹ نے یہ تاکید بھی کردی ہے کہ سعودی عرب مختلف سطحوں پر اپنا مقام بنائے ہوئے ہے اور وہ شفافیت کا ریکارڈ بہتر سے بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہے۔انسداد بدعنوانی کیلئے اعلیٰ کمیٹی کی تشکیل سے متعلق شاہی فرمان اور کمیٹی کی کارکردگی کے نتائج اپنے آپ میں بڑی پیشرفت ہیں۔ عالمی اور داخلی ہر دومحاذ پر کمیٹی کے نتائج کی پذیرائی ہوئی۔اندرون ملک عوام اور بیرون مملکت رائے عامہ نے محسوس کیا کہ سعودی قیادت ریاستی اداروں میں شفافیت کو فروغ دینے کے سلسلے میں عز م و ارادے اور حکمت و فراست سے کام لے رہی ہے۔ اس سے سعودی وژن 2030کے اہداف کی بھی تکمیل ہوگی اور ترقی کے حوالے سے اہل وطن کے خواب بھی شرمندہ تعبیر ہونگے اور وطن عزیز کے وسائل محفوظ بھی رہیں گے۔