سپریم کورٹ نے سی بی آئی کی درخواست پر سماعت ملتوی کردی، ممتا کا دھرنا جاری
کولکتہ۔۔۔مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنر جی کا آئین بچاؤ دھرنا جاری ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ، بی جے پی صدر امیت شاہ اور قومی دفاعی مشیر اجیت ڈوبھال کے اشارے پر پولیس کمشنر راجیو کمار کیخلاف کارروائی کی جارہی ہے۔دھرنے کے دوران ممتا نے اعلان کیا کہ ترنمول کانگریس کے کارکنان بڑے پیمانے پر مرکز کی تاناشاہی کیخلاف ریاستگیر تحریک چلائیں گے۔پولیس کمشنر کے گھر سے نکلنے کے بعد ممتا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ روز دھمکی دی تھی اور آج سی بی آئی اسے انجام دینے کیلئے سرگرم ہوگئی اور راجیو کمار کو سی بی آئی افسران نے گرفتار کرلیا۔ممتا نے کہا کہ مودی مغربی بنگال حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش کررہے ہیں۔ انہوں نے ریاستی پولیس دستوں سے مرکز کے رویئے کیخلاف متحد ہونے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ مرکز سے مودی کو نہیں ہٹایا گیا تو ملک تباہی کے دہانے پر پہنچ جائیگا۔مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے مغربی بنگال کے گورنر کیسری ناتھ ترپاٹھی سے فون پر بات چیت کی ۔ گورنر نے مغربی بنگال کے چیف سیکریٹری اور ڈی جی پی کو طلب کرلیا۔سپریم کورٹ نے سی بی آئی کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کل تک ملتوی کردی ۔ سی بی آئی نے اپنی درخواست میں کہا کہ کولکتہ پولیس کمشنر کو کئی بار نوٹس جاری کئے گئے لیکن انہوں نے چٹ فنڈ گھپلہ کیس کی تحقیقات میں تعاون نہیں کیا اوررکاوٹیں پیدا کیں ۔مہاراشٹر شیو سینا کے سربراہ نے ممتا بنر جی کے اقدامات کی حمایت کی۔