ہم قومی وسائل کے امین ہیں‘ دیانتداری نبھائیں گے‘ عثمان بزدار
لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کے مثبت اور ٹھوس اقدامات کی وجہ سے سرمایہ کاروں کا ملکی صورت حال پر اعتماد بحال ہو رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ عمران خان کی حکومت میں شفافیت موجود ہے اور اچھے طرز حکمرانی کی وجہ سے ملک کی معاشی صورتحال میں تیزی سے بہتری آ رہی ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق عثمان بزدار نے مزید کہا کہ آج سرمایہ کار موجودہ حکومت پر اپنے بھروسے کا اظہار کر رہے ہیں کیونکہ حکومت نے سرمایہ کاری بڑھانے کےلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں۔تحریک انصاف کی حکومت نے وسائل کے درست اور بہترین استعمال کو یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی وسائل ہمارے پاس امانت ہیں، ہم کسی کو ان کا غلط استعمال نہیں کرنے دیں گے بلکہ وسائل کا شفاف اور دیانت داری کے ساتھ استعمال یقینی بنا کر تحریک انصاف نے تاریخ رقم کی ہے۔ قوم کی عمران خان سے وابستہ توقعات کو پورا کرنے کیلئے دن رات ایک کر دینگے۔