پی ٹی آئی رہنما علیم خان گرفتار؟
لاہور: نیب کی جانب سے پنجاب کے سینئر وزیر علیم خان کو حراست میں لے لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کو آف شور کمپنی اسکینڈل اور آمدن سے زائد اثاثوں کے معاملے میں تفتیش کےلئے آج طلب کیا گیا تھا، جب وہ اس حوالے سے نیب آفس پہنچے تو انہیں حراست میں لے لیا گیا۔ علیم خان پونے گیارہ بجے کے قریب ٹھوکرنیاز بیگ پر موجود نیب کے دفتر پہنچے جہاں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آج جس حوالے سے طلب کیا گیا اس پر واپسی پر بات کوں گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کے دفتر سے علیم خان کا اسٹاف اکیلے روانہ ہوا اور سینیئر وزیر نیب کے دفتر سے باہر نہیں آئے ۔ نیب سینیئر وزیر علیم خان کے خلاف بیرون ملک جائداد، آمدن سے زائد اثاثوں اور آف شور کمپنی کے حوالے سے تفتیش کررہا ہے ، اس سلسلے میں علیم خان آج چوتھی مرتبہ نیب کے سامنے پیش ہوئے۔ وہ آخری مرتبہ 8 اگست کو نیب کے سامنے پیش ہوئے جس کے بعد انہیں ایک سوالنامہ دیا گیا اور 6 فروری کو طلب کیا گیا تھا۔