جی سیٹ31- سیٹلائٹ کا کامیاب تجربہ،موصلات کی دنیا میں اہم قدم
چنئی۔۔۔ہندوستان کے 40ویں مواصلاتی سیٹلائٹ جی سیٹ31- کوجنوبی امریکہ کے شمال مشرقی ساحل پر فرانس کے علاقے میں قائم کورو خلائی مرکز سے کامیابی کے ساتھ لانچ کیاگیا۔ہندوستانی وقت کے مطابق بدھ کی صبح 2 بج کر 31منٹ پر ایرین -5راکٹ نے خلا کی جانب پرواز کی اور لانچ کے تقریباً 42منٹ بعد جی سیٹ31- کو کامیابی کے ساتھ مدارمیں نصب کردیاگیا۔ہندوستانی خلائی تحقیقاتی مرکز (اسرو) کے ستیش دھون خلائی مرکز کے ڈائریکٹر ایس پانڈین نے اس کامیاب تجربے پرخوشی کا اظہارکرتے ہوئے ایرین اسپیس کو مبارکباد پیش کی۔جی سیٹ31- ہندوستان کاجدید ترین مواصلاتی سیارہ ہے جسے ہندوستان کی خلائی تحقیقی مرکز (اسرو)کا تیار کردہ ہے۔جی سیٹ31- کا وزن 2536کلوگرام ہے اور یہ کم از کم 15سال تک کیو -بینڈ میں مواصلاتی خدمات فراہم کرتا رہے گا۔جی سیٹ31- ہندوستانی خلائی پروگرام کااہم منصوبہ ہے۔اسرو کے مطابق جی سیٹ31- کی خدمات سے بحیرہ عرب ،خلیج بنگال اور بحیرہ ہند کے بڑے سمندری علاقوں میں مواصلاتی نظام بہتر ہوگا۔پانڈیان نے کہا کہ جون ،جولائی تک اسروکا تیار کردہ جی سیٹ30- ایرین بھی اسپین کے تعاون سے لانچ کیا جائیگا۔