فوجی تختہ الٹنے کی افواہ کی تحقیقات کرائی جائے، بی جے پی
نئی دہلی۔۔۔یو پی اے حکومت کے دور میں 2012ء میں ہندوستانی آرمی کا تختہ الٹنے کی افواہ پھیلانے او رملک کے ساتھ غداری کرنے کے سلسلے میں بی جے پی نے ایک اخباری رپورٹ کے حوالے سے کانگریس کو ہدف بنایا۔بی جے پی کے ترجمان جی وی ایل نرسمہا راؤنے پریس کانفرنس میں کہا کہ کانگریس نے صرف بدعنوانی ہی نہیں کی بلکہ قومی سلامتی کو بھی خطرے میں ڈالا تھا۔ ایک انگلش روزنامہ میں شائع ہونیوالی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے راؤ نے کہا کہ یو پی اے کے دور حکومت میں 4 مرکزی وزراء فوج کو بدنام کرنے کی سازش میں شریک تھے۔ انہوں نے وزیر دفاع نرملا سیتا رمن اور کمیٹی کے چیئرمین کلراج مشرا سے ملاقات کرکے اس معاملے کی انکوائری کرانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مشرا سے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے اسی اجلاس میں کمیٹی کی ایک میٹنگ طلب کریں اورایک کمیٹی تشکیل دیکر اس معاملے کی چھان بین کرائی جائے۔وزارت دفاع اور آرمی کے افسران کو بلا کر صحیح معلومات حاصل کی جائیں۔ کانگریس صدر راہول گاندھی کو بھی جواب دینا چاہئے کہ کہیں یہ سب ان کی رضامندی سے تو نہیں ہوا تھا۔خیال رہے کہ امور خارجہ کے وزیر مملکت جنرل وی کے سنگھ اس واقعہ کے وقت آرمی چیف تھے اور اس وقت سنڈے گارجین کی رپورٹ میں انہیں بالواسطہ طور پر فوجی تختہ الٹنے کی سازش تیار کرنے والا بتایا گیا تھا۔