Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان حج والنٹیرزکیلئے تقریب تقسیم اسناد

 
 حجاج کرام کی خدمت بڑی عبادت اور سعادت ہے، والنٹیرز گروپ کے رضاکار پاکستان حج مشن کے دست و بازو ہیں،ساجد یوسفانی
 
پاکستان حج والنٹیرز گروپ کے تحت 1437ھ کے حج آپریشن کے رضاکاروں میں تقسیم اسناد کی تقریب کا اہتمام جدہ کے مقامی ہوٹل میں کیا گیا۔ پاکستان حج مشن کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ساجد یوسفانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حجاج کرام کی خدمت بہت بڑی عبادت اور سعادت ہے۔ حجاج کرام اللہ تعالیٰ کے مہمان ہوتے ہیں۔ ا ن کی خدمت ، اللہ تعالیٰ کی رضا اور اجر کے حصول کا بڑا ذریعہ ہوتا ہے۔ جو لوگ اللہ تعالیٰ کے مہمانوں کی خدمت کے لئے خود کو پیش کرتے ہیں وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان حج والنٹیرز گروپ کے رضاکار اہم خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ وہ پاکستان حج مشن کے دست و بازو ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حج والنٹیرز گروپ کو قانونی حیثیت دلانے کے لئے کوشش جاری ہے اور جلد مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ پاکستان حج مشن مکمل سرپرستی اور معاونت فراہم کرتا رہے گا۔ 
پی ایچ وی جی کے ڈپٹی کوآرڈینیٹر محمد ضیاءالحفیظ اور میڈیا کوآرڈینیٹر وسیم بخاری نے پی ایچ وی جی کے قیام کی تاریخ اور اس کی تمام سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے مہمانوں کی خدمت کے لئے منتخب کیا اپنے اس انتخاب پر اللہ کا جتنا بھی شکر ادا کریں کم ہے۔ محمد ضیا الحفیظ نے 2011ءمیں گروپ کے قیام سے لے کر 2016ءکے حج آپریشن کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال منیٰ میں حجاج کرام کی خدمت کے دوران ایک رضاکار محمد ابرار قریشی نے جام شہادت نوش کیا۔ ان کے لئے تھر(سندھ) میں پینے کے پانی کے منصوبے کا آغاز کر دیا جو صدقہ جاریہ کے طور پر قائم رہے گا۔ 
تقریب میں ڈپٹی قونصل جنرل آصف میمن ، ڈائریکٹر حج سید امتیاز علی شاہ اور سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ پی ایچ وی جی ریاض ریجن کے کوآرڈینیٹر انجینیئر یوسف اسماعیل، دمام کے انجینیئر یوسف بھٹی، ریاض کے محمد اشرف خان اور پی ایچ وی جی کی کور کمیٹی کے سینیئر رکن انجینیئر محمد نواز نے مہمانوں کو پی ایچ وی جی کی جیکٹس اور خصوصی شیلڈز پیش کیں۔ محمد ابرار قریشی شہید کے بیٹے عمیر قریشی کو ڈائریکٹر جنرل حج ڈاکٹر ساجد یوسفانی نے سرٹیفکیٹ اور شیلڈ دی۔ پاکستان حج والنٹیرز گروپ کے رضاکاروں کی خدمات کو اجاگر کرنے پر میڈیا کے نمائندوں کو بھی اسناد پیش کی گئیں۔ اس موقع پر جدہ سے تعلق رکھنے والے 300رضاکاروں میں انفرادی طور پر تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔ تقریب کا اختتام عشائیے پر ہوا۔
******
 
 
 
 
 
 

شیئر: