اپوزیشن پارٹیوں کا اتحاد ’ ’مہا ملاوٹ‘‘ہے، مودی
رائے گڑھ۔۔۔۔۔وزیر اعظم نریندر مودی نےچھتیس گڑھ میں عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے خلاف اپوزیشن کےعظیم اتحادکو ’’مہاملاوٹ‘ ‘قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ اس میں شامل افرادخود بدعنوانی کرتے ہیں اور بد عنوانوں سے ملے ہوئےہیں۔ ’مہاملاوٹ‘‘ میں شامل ہونے والے تمام رہنماؤں کا ایک ہی پیمانہ ہے کہ وہ مودی کیلئے غیر مناسب الفاظ استعمال کریں۔انہوں نےاپوزیشن پارٹیوں کےرہنماؤں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ کتنی ہی ملاوٹ کرلیں لیکن چوکیدار چپ بیٹھنے والا نہیں ۔ مودی نے کہا کہ کانگریس کا ہرکا رکن کسی نہ کسی معاملے میں ملوث ہے اوران لوگوں نے ضمانت یا عبوری ضمانت کا فائدہ اٹھارکھاہے۔ کوئی زمین گھپلےتو کوئی ٹیکس گھپلے میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوکیدار پوری طرح الرٹ ہے اور ایسے تمام افراد کو چھوڑا نہیں جائے گا۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ہماری حکومت غریبوں کے درد محسوس کرنے والی ہے،گزشتہ ساڑھے 4برس کے دوران غریبوں کی فلاح و بہبود کیلئے اہم اقدامات کئےگئے جس کی وجہ سے ملک میں غربت کی شرح میں نمایاں کمی آئی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا کہ کسان کریڈٹ پر نافذ ہونیوالا کسی بھی قسم کا ٹیکس اب بینک کی جانب سے وصول نہیں کیا جائیگا۔ بی جے پی حکومت نے ایک اسکیم شروع کی ہے جس کے ذریعے کسان کسی بھی بینک سے بغیر کسی ضمانت7لاکھ روپے تک قرضہ حاصل کرسکتا ہے۔