شادی ہال جاتے ہوئے دولہا اور باراتی نالے میں جاگرے؟،ہنگامہ برپا
نوئیڈا ۔۔۔سیکٹر 52 میں واقع میریج ہال کے قریب شادی کیلئے جانے کے دوران دولہا سمیت باراتیوں کواس وقت مشکلات کا سامنا کرنا پڑاجب باراتی دولہا کے ہمراہ ڈانس کررہے تھے کہ پُلیا ٹوٹ گئی اور 30تا 40باراتی دولہا سمیت نالے میں جاگرے۔موقع پر موجود لوگوں نے باراتیوں اور دولہا کو باہر نکالا۔نیوکونڈلی کے رہنے والے پھول سنگھ کی بیٹی سونو کی شادی اندرا پورم کے رہنے والے امیت کے ساتھ طے ہوئی۔ اس کیلئے انہوں نے ساڑھے 3لاکھ روپے میں سیکٹر 52میں واقع آلیو گارڈن میریج ہال مختص کرایاجس میں ڈھائی لاکھ روپے پیشگی ادا کئے جاچکے تھے۔ دولہا رات 9بجے جب دھوم دھام سے باراتیوں کے ساتھ ناچتے گاتے شادی ہال آرہا تھا کہ ہال کے قریب نالے پر تعمیر کی گئی پُلیا باراتیوں کے ڈانس اور اچھل کود کی وجہ سے ٹوٹ گئی۔ اس حادثے میں 3باراتی زخمی ہوگئے جنہیں ابتدائی مرہم پٹی کے بعد فارغ کردیا گیا۔باراتیوں نے شادی ہال کے مالک کیخلاف ہنگامہ برپا کردیا۔الزام ہے کہ نالے میں گرنے کی وجہ سے باراتیوں کے موبائل فون، سونے کی چین اور انگوٹھیاں غائب ہوگئیں۔شادی ہال کے مالک کرنل (ر) این کے شرما نے ہنگامہ برپا کرنیوالوں سے پرسکون رہنے کی اپیل کی۔انہوں نے دولہا اور باراتیوں سے معافی مانگی اورفریقین کے مابین نقصانات کی تلافی کیلئے 3لاکھ روپے ادا کرنے کے اعلان کے بعد معاملہ رفع دفع ہوگیا۔