Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اصلاح حال کی خبریں بے بنیاد ہیں ، وزارت محنت

  ریاض.... وزارت محنت نے اصلاح حال کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کردیا۔ وزارت نے ٹویٹر اکاونٹ پر جاری ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزارت کی جانب سے مملکت میں مقیم غیرقانونی تارکین وطن کو اقامے دیئے جانے کی باتیں افواہ ہیں جن میں کوئی صداقت نہیں۔ واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر گزشتہ کئی روز سے اس قسم کی باتیں پھیلائی جارہی تھیں جن میں کہا گیا تھا کہ سعودی عرب کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے مملکت میں مقیم ایسے تارکین وطن جو عمرہ ، وزٹ یا حج ویزے پر آکر رک گئے ہیںان کے قیام کو قانونی بنانے کیلئے اجازت دیدی گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری افواہ میں باقاعدہ طور پر اس حوالے سے مہلت کا بھی ذکر کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ 17ربیع الثانی مطابق 15جنوری سے لیکر 28ربیع الثانی تک وہ افراد جو غیر قانونی طور پر مملکت میں مقیم ہیں متعلقہ ادارے میں اپنی درخواستیں جمع کراکر اپنے قیام کو قانونی بناسکتے ہیں۔ اس حوالے سے مملکت میں مقیم وہ افراد جن کا قیام غیر قانونی ہے ،میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ انہوں نے سوشل میڈیاکی افواہوں پر یقین کرتے ہوئے محکمہ پاسپورٹ سے رجوع کیا۔ اس ضمن میں محکمہ پاسپورٹ کے ذمہ دار کا کہناہے کہ ان کے پاس متعدد افراد اس قسم کی درخواستیں لیکر آئے تھے تاہم وزارت داخلہ کی جانب سے ایسا کوئی اعلان نہیں کیا گیا جس میں کہا گیا ہو کہ غیر قانونی تارکین اپنے قیام کو قانونی بناسکتے ہیں۔ وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا کہ اگر ”اصلاح حال “یعنی غیر قانونی تارکین کے قیام کو قانونی بنانے کی مہم شروع کی جاتی ہے تو اس کا باقاعدہ سرکلر جاری کیا جاتا ہے جو وزارت داخلہ کی جانب سے ہوتا ہے۔ تارکین اس قسم کی افواہوں پر کان نہ دھریں۔

شیئر: