Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سابق سفیرنعیم خان کے اعزاز میں خالد اکرم کا عشائیہ

 
ریاض کے پاکستانی بہت فعال ہیں، امت مسلمہ کو تعلیم اور صحت کے منصوبوں کی ضرورت ہے، سی پیک گیم چینجرثابت ہو گا، محمد نعیم خان
 
جاوید اقبال ۔ ریاض
 
اسلامی تعاون تنظیم کے ا سٹنٹ سیکریٹری جنرل اور مملکت میں پاکستان کے سابق سفیر محمد نعیم خان تنظیم کے اجلاس میں شرکت کیلئے ریاض آئے تو مسلم لیگ (ن) ریاض کے رہنما خالد اکرم رانا نے ان کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) ریاض کے ارکان اور پاکستانی عمائدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مقررین نے ریاض میں قیام کے دوران محمد نعیم خان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب کے ناظم ناصر محمود آرائیں نے اجتماع کی غرض و غایت پر روشنی ڈالتے ہوئے بطور سفیر مہمان خصوصی کی پاکستانی کمیونٹی کیلئے خدمات کو سراہا اور واضح کیا کہ عشائیہ انہیں خراج تحسین پیش کرنے کیلئے دیا جارہا تھا۔ میزبان خالد اکرم رانا نے اپنے خطاب میں 2013ءمیں نطاقات پروگرام سے متاثر پاکستانی افرادی قوت کیلئے منعقد کئے گئے جاب فیئرز کا ذکر کیا اور کہا کہ محمد نعیم خان کی رہنمائی میں بے روزگار ہونے والوں کو نئے کفیل بڑی کامیابی سے فراہم کئے گئے تھے۔ خالد اکرم رانا نے واضح کیا کہ محمد نعیم خان اب اسلامی تعاون تنظیم میں خدمات انجام دے رہے ہیں جو بذات خود ایک چیلنج ہے۔ مسلم لیگ (ن) ریاض کے رانا خادم حسین نے اپنی مختصر تقریر میں محمد نعیم خان کو ایک انسان دوست شخصیت قرار دیا اور کہا کہ ریاض میں مقیم پاکستانی تارکین انہیں ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ رانا خادم حسین نے سابق سفیر کےلئے اپنی نظم پیش کی۔ پاکستان انٹرنیشنل اسکول ناصریہ کے پرنسپل طاہر رضا عابدنے محمد نعیم خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس بات پر انکا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے تعلیمی ادارے کی پیشرفت میں بیحد دلچسپی لی تھی اور انکے دور سفارت میں انکے مدرسے اور سفارتخانے کے درمیان مضبوط رابطہ رہا تھا۔ پاکستان انٹرنیشنل اسکول سلیمانیہ کے پرنسپل محمد تنویر نے سابق سفیر پاکستان کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ذاتی دلچسپی لیکر ان کے اسکول کے نتائج کو بہتر کرنے میں اہم کردارادا کیا تھا۔ محمد نعیم خان اسکول کے اجتماعات کی بڑی دلجمعی سے سرپرستی کرتے تھے۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث سعودی عرب کے امیر عبدالمالک مجاہد نے ان برسوں کو یاد کیا جب نعیم خان بطور سفیر ریاض میں فرائض انجام دے رہے تھے اور کہا کہ ان کی ذاتی دلچسپی سے مملکت میں پاکستانی تارکین کو یہاں بہت فوائد حاصل ہوئے تھے۔ انہوں نے مملکت کے نطاقات پروگرام کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستانیوں کی ایک بہت بڑی تعداد اس سے متاثر ہوئی تھی تاہم محمد نعیم خان کے زیر نگرانی سعودی عرب کے مختلف شہروں میں جاب فیئر منعقد ہوئے تھے جن سے ہزاروں بے روزگار پاکستانیوں کیلئے نقل کفالت اور حصول روزگار کے مواقع فراہم ہوئے تھے۔ پروفیسر جاوید اقبال نے یوم قائداعظم کی مناسبت سے قائداعظم محمدعلی جناح کے قیام برطانیہ اور قانون کی درسگاہ لنکنز ان میں ان کی تعلیم پر روشنی ڈالی۔ اپنے خطاب میں مہمان خصوصی محمد نعیم خان نے ریاض میں اپنے قیا م کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سعودی دارالحکومت میں مقیم پاکستانی انتہائی فعال ہیں او ریہ کہ اس کمیونٹی میں بے پناہ صلاحیتیں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ نطاقات پروگرام کے دوران سعودی حکومت نے بے روزگار ہونے والوں کو معینہ مدت میں ملک چھوڑ دینے کا حکم دیا تھا۔ اس موقع پر سفیر پاکستان نعیم خان کی مساعی سے شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے اس مدت میں 3ماہ کی توسیع کردی جس سے بے روزگار ہونے والوں کیلئے جاب فیئرز منعقد کرنے کے مواقع ملے تھے۔ محمد نعیم خان نے اسلامی تعاون تنظیم میں اپنے فرائض پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ صحت، تعلیم اور وسائل آب کے شعبوں کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 56مسلمان ممالک خصوصاً افریقہ میں تعلیم کی اشد ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ وہاں مزید طبی سہو لتیں فراہم کرنے کی بھی سخت ضرورت ہے۔ نعیم خان نے کہا کہ وہ ان سہولیات کی فراہمی کیلئے سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ سے ملاقات کیلئے آئے تھے تاکہ اسلامی تعاون تنظیم کے ان منصوبوں میں سعودی مدد یقینی بنائی جاسکے۔ سابق سفیر پاکستان نے سی پیک منصوبے کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ گیم چینجر ہے اور پاکستان کیلئے انتہائی مفیدثابت ہوگا۔ محمد نعیم خان نے اپنے میزبان خالد اکرم رانا کا عشائیے کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا ۔ مولانا عبدالمالک مجاہد کی دعا پر تقریب کا اختتام ہوا۔
******

شیئر: