Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی بیٹنگ پھر ناکام ، پہلے ون ڈے میں92 رنز سے شکست

برسبین...آسٹریلیا نے پاکستان کو پہلے ایک روزہ میچ میں 92 رنز سے شکست دے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔گابا میں پہلے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کیلئے سازگار وکٹ پر خود بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ ابتدا میں نقصان اٹھانے کے بعد آسٹریلیا نے مقررہ اوورز میں9 وکٹ کے نقصان پر 268 رنز بنائے۔ میتھوویڈ نے سنچری بنائی اور 100 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔پاکستان کی جانب سے حسن علی 3 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے۔ عماد وسیم اور محمد عامر نے 2,2وکٹیں لیں۔پاکستان کو اظہر علی اور شرجیل خان نے 38 رنز کا مناسب آغاز فراہم کیا ۔ شرجیل جیمز فالکنر کو وکٹ دے بیٹھے ۔ ٹانگوں میں کھنچاو کے سبب اظہر ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے۔ محمد حفیظ کی اننگز صرف4 رنز تک محدود رہی۔عمر اکمل نے اپنے کزن بابر اعظم کے ساتھ اسکور کو 79 تک پہنچایا ۔ مچل اسٹارک نے انہیں شکار کیا۔ بابر اعظم 33 کے انفرادی اسکور پر سلپ میں کھڑے اسٹیون اسمتھ کو آسان کیچ تھما بیٹھے۔اس کے بعد پاکستان کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ پوری بیٹنگ لائن 176 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔عماد وسیم نے 29، اظہر علی 24، محمد رضوان 21 اور شرجیل خان نے 18 رنز بنائے۔آسٹریلیا کی جانب سے جیمز فالکنر4 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولررہے۔ پیٹ کمنز نے 3 اور مچل ا سٹارک نے 2 وکٹیں لیں۔میتھیو ویڈکو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔دوسرا میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔
 

شیئر: