40لاکھ کی گاڑیاں 40ہزار روپے میں فروخت کرنیوالا گروہ گرفتار
نئی دہلی۔۔۔۔ پولیس نے ہائی ٹیک گینگ کے 3افراد کو دہلی کے پنجابی باغ علاقے سے گرفتارکرلیا۔ یہ گروہ 40لاکھ مالیت کی مہنگی ترین فارچونر گاڑیاں چراکر 40ہزار روپے میں فروخت کیا کرتا تھا۔ گزشتہ 3ماہ میں 30سے زائد گاڑیاں چرا کرریاست آسام میں فروخت کرچکاتھا۔ ڈی سی پی مونیکا بھاردواج نے بتایا کہ گروہ میں شامل افرادآسام سے ملنے والے آرڈر کے مطابق مختلف علاقوں سے گاڑیاں چرانے کی کارروائی انجام دیتے تھے۔ان کے قبضے سے 2قیمتی گاڑیاں برآمد کی گئیں۔یہ لوگ واردات سے قبل گاڑیوں میں نصب جی پی آر سسٹم اور الارم ناکارہ بنانے کیلئے خصوصی جیمر کا استعمال کیا کرتے تھے۔ گروہ میں شامل دیپک ، انکت اور رنکو ریاست ہریانہ کے رہنے والے ہیں۔ پوچھ گچھ کے دوران انہوں نے بتایا کہ فرمائش کے مطابق گاڑیاں چوری کی جاتی تھیں، دہلی سے تقریباً40لاکھ روپے مالیت والی متعدد قیمتی گاڑیاں چرا کر مختلف ریاستوں میں فروخت کی جاچکی ہیں۔ خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پرپولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے تقریبا 15گھنٹے بعد گروہ کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوئی۔ ان کے قبضے سے لیپ ٹاپ، ریموٹ فریکوینسی چینجنگ مشین، میگنیٹک چابیاں،عام ریموٹ، آسام کے ہائی سیکیورٹی رجسٹریشن نمبر پلیٹ اور ہائی ٹیک فریکوینسی والا جیمر برآمد کیا۔